گھریلو ناچاقی پر نوجوان نے بیوی اور ساس کو قتل کردیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 12 ستمبر 2020
ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا فوٹو: فائل

ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا فوٹو: فائل

 کراچی: مدینہ کالونی میں گھریلو ناچاقی پر ملزم نے فائرنگ کرکے بیوی اور ساس کو موت کی نیند سلادیا جب کہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا. 

کراچی کے مدینہ کالونی تھانے کی حدود سعید آباد نیازی محلے کی کچی آبادی کی رہائشی 55 سالہ رحیمہ زوجہ محمد یوسف نے اپنی 25 سالہ بیٹی وجیہہ کی شادی 2 سال قبل حمزہ نامی نوجوان سے کی تھی، شادی کے کچھ عرصے بعد میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہوگئے عیدالاضحی کے بعد وجیہہ شوہر سے ناراض ہوکر میکے آکر بیٹھ گئی تھی، حمزہ بیوی کو روزانہ فون کرکے واپسی آنے کی ضد کر رہا تھا جس پر بیوی نے جانے سے منع کردیا تھا۔ ملزم حمزہ ہفتے کی دوپہر سسرال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے بیوی اور ساس کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر محلے کے لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے فوری طور پر 15 مدد گار پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال پہنچائی، جائے وقوعہ سے پولیس کو نائن ایم ایم پسٹل کے 4 خول ملے ہیں، ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔