موٹر وے پر خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ، پانچ افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 12 ستمبر 2020
مقدمہ درج، پانچوں کا تعلق لاہور سے ہے جو گاڑی میں سوار خاتون کو مری جاتے ہوئے مسلسل ہراساں کررہے تھے (فوٹو ؛ ایکسپریس)

مقدمہ درج، پانچوں کا تعلق لاہور سے ہے جو گاڑی میں سوار خاتون کو مری جاتے ہوئے مسلسل ہراساں کررہے تھے (فوٹو ؛ ایکسپریس)

 راولپنڈی: مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں سوار خاتون کو ہراساں کرنے پر موٹروے پولیس نے پانچ اوباش نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹروے پولیس کے انسپکٹر سجاد نے مری پولیس کو بتایا کہ ایکسپریس وے پر مری کی جانب سفر کرنے والی خاتون نے 130 پر کال کرکے بتایاکہ اسے پانچ لڑکے ہراساں کررہے ہیں، گاڑی کا مسلسل پیچھا کررہے ہیں اور عجیب عجیب اشارے کررہے ہیں جس پر موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان فیضان ندیم، عبداللہ، مصعب عباس، عمر اور محمد ولید کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پانچوں لڑکوں کا تعلق لاہورسے ہے جو گھومنے کے لیے مری آئے تھے، مری پولیس نے موٹروے پولیس انسپکٹر کی درخواست پر مقدمہ نمبر 485 درج کرلیا، پولیس کا کہنا تھاکہ ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔