غیرملکی خاتون کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام

اسٹاف رپورٹر  اتوار 13 ستمبر 2020
قازقستان کی 53 سالہ ڈیوڈ لانا کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا گیا، وہیل چیئر پر موجود 80 سالہ شوہر تسلی بخش جواب نہ دے سکے (فوٹو : انٹرنیٹ)

قازقستان کی 53 سالہ ڈیوڈ لانا کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا گیا، وہیل چیئر پر موجود 80 سالہ شوہر تسلی بخش جواب نہ دے سکے (فوٹو : انٹرنیٹ)

 کراچی: کلفٹن میں غیرملکی خاتون کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام ہوگئی، بوٹ بیسن پولیس نے میڈیکل رپورٹ میں خاتون کو گلا دبا کر قتل کرنے کا انکشاف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں ماہ 4 ستمبر کو بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بلاک 5 میں واقعے بنگلے سے قازقستان سے تعلق رکھنے والی 53 سالہ ڈیوڈ لانا زوجہ فاروق ڈوسا کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی تھی جسے ابتدائی طور پر خودکشی کا معاملہ بتایا جا رہا تھا۔

پولیس نے وجہ موت کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کرایا جس کی اب میڈیکل رپورٹ آگئی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈیوڈ لانا کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے اس واقعے کے حوالے سے فاروق ڈوسا سے معلومات کیں تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے جبکہ وہ وہیل چیئر پر ہیں اور ان کی عمر 80 سال کے قریب ہے۔

پولیس جب بنگلے میں داخل ہوئی تو خاتون کی لاش پنکھے میں پھندے کی مدد سے لٹکی ہوئی تھی۔ انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے بنگلے کے ملازمین اور دیگر افراد کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی قاتل کا سراغ لگالیا جائے گا جب کہ قتل کے انکشاف کے بعد سرکار کی مدعیت میں دفعہ 302/34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔