کراچی کی عمارت میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 4 افرا دجاں بحق، 5 زخمی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 13 ستمبر 2020
فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، آتشزدگی کی وجہ معلوم نہ ہو سکی، شہریار کی تدفین کورنگی میں ہوئی۔ فوٹو:فائل

فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، آتشزدگی کی وجہ معلوم نہ ہو سکی، شہریار کی تدفین کورنگی میں ہوئی۔ فوٹو:فائل

کراچی: ہجرت کالونی میں واقع 3 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، جھلسنے اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں دادی، پوتی، بیٹا اوربہو شامل ہیں۔

ہفتے کی علی الصباح سول لائن تھانے کے علاقے ہجرت کالونی بلاک نمبر 2 گلی نمبر4 میں واقع گراؤنڈ پلس3 منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اورعمارت کی2 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس اوررضا کار تنظیموں کے نمائندے موقع پرپہنچ گئے اور فوری طور پر محکمہ فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا۔ متاثرہ عمارت کے مکین نوجوان26 سالہ اویس ولد محمد طالب نے اپنی جان بچانے کے لیے پہلی منزلہ سے چھلانگ لگادی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ پہلی منزل کے رہائشی خاندان عمارت میں پھس گئے اور انھیں عمارت سے باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔

تنگ گلیوں اورعوام کے رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، فائربریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد عمارت میں لگنے والی آگ پرقابو پا لیا،کولنگ اورمتاثرہ عمارت کی سرچنگ کے دوران پہلی منزل پرپھنسے8 افراد جن میں بچے اورخواتین شامل تھیں کوانتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا جہاں پہلی منزل کے رہائشی محمد طالب کی فیملی کے3 افراد دھواں بھرنے اور جْھلسنے کے باعث دوران علاج دم توڑ گئے جن میں ان کی اہلیہ 55 سالہ عشرت،بہو 25 سالہ وصیلہ زوجہ توقیر اور پوتی ڈیڑھ سالہ آیت دْختر توقیر شامل ہیں۔

متاثرہ عمارت سے بیٹے 24 سالہ شہریارکی جھلسی ہوئی لاش نکالی گئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ خاندان کا سربراہ محمد طالب،بیٹا 30 سالہ توقیر اور 25 سالہ بیٹی سنبل اور18 سالہ نوجوان شاہ زیب ولد پرویز جھلسنے اوردم گھٹنے سے زخمی ہوئے۔

علاقہ مکینوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ آگ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میزنائن فلور پرواقع کشن کے کارخانے میں مبینہ طور پرشارٹ سرکٹ کے باعث لگی،متاثرہ عمارت میں 2 سگے بھائیوں کے خاندان رہائش پذیر تھے، دوسری جانب محکمہ فائربریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ انھیں آگ لگنے کی اطلاع 6 بجکر 7 منٹ پر لگی تھی۔

دریں اثنا ہجرت کالونی میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے 25 سالہ شہریار عرف شیری کی نماز جنازہ رہائش گاہ کے قریب ہارون پارک میں بعد نماز عصر ادا کی گئی، متوفی کی تدفین کورنگی ناصر جمپ کے قریب قبرستان میں کردی گئی۔ متوفی کی والدہ عشرت بی بی ، اہلیہ وصیلہ اور شیر خوار بیٹی آیت بی بی کی نمازے جنازہ اتوار ( آج ) کو ادا کی جائی گی۔ متوفیان کے رشتے داروں کے پنجاب سے آنے کے بعد تدفین ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔