نئے ڈومیسٹک سیزن کے لیے کرکٹرز کی کورونا ٹیسٹنگ آج سے شروع ہوگی

عباس رضا  پير 14 ستمبر 2020
کرکٹرز پہلا ٹیسٹ خود کروائیں گے تاہم پی سی بی ادائیگی بعد میں کرے گا، ندیم خان۔ فوٹو : فائل

کرکٹرز پہلا ٹیسٹ خود کروائیں گے تاہم پی سی بی ادائیگی بعد میں کرے گا، ندیم خان۔ فوٹو : فائل

 لاہور: نئے ڈومیسٹک سیزن کے لیے کرکٹرز کے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کا کہنا ہے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کا خیال رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمارے کھلاڑی ملک بھر میں موجود ہیں، لاجسٹک مسائل کے باعث پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کرکٹرز خود کروارہے ہیں تاہم پی سی بی ان تمام کھلاڑیوں کو پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے واجبات کی ادائیگی بعد میں کردے گا، تمام کھلاڑیوں کے دوسرے کوویڈ 19 ٹیسٹ پی سی بی کے سنٹرل اسٹیشن پر ہوں گے جب کہ دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ پی سی بی خود کرے گا۔

ندیم خان نے کہا کہ دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کرکٹرز 25 ستمبر کو اپنی ڈومیسٹک ٹیموں کو جوائن کریں گے، انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد کھلاڑیوں کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے، کوویڈ 19 کی حالیہ صورتحال میں یہ پاکستان میں یہ کرکٹ کا سب سے بڑا آپریشن ہے، فخر ہے کہ پی سی بی ان حالات کے باوجود 30 ستمبر سے اپنے ڈومیسٹک سیزن کا باقاعدہ آغاز کرنے جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔