رشکئی اقتصادی زون خیبرپختونخوا کی ترقی کیلیے اہم سنگ میل ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 14 ستمبر 2020
سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے، وزیراعظم عمران خان

سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ رشکئی اقتصادی زون معاہدہ خیبرپختونخواکی ترقی کیلیے اہم سنگ میل ہے۔

رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کے لیے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے بہت عجیب لگ رہا ہے کہ وہ چائنیز بولتے ہیں اور ہم اردو، لیکن انگریزی میں ہم سے تقریب کر رہے ہیں لہٰذا میری درخواست ہے کہ ہم بھی اردو میں بات کریں، ہمیں انگریزی بولنے کی کیا ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے، رشکئی خصوصی اقتصادی زون معاہدہ خیبرپختونخواکی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ہے، رشکئی اقتصادی زون  سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اقوام متحدہ کے سروے کے مطابق سب سے زیادہ ترقی اورغربت کا خاتمہ خیبرپختونخوا میں ہو رہا ہے لیکن روزگار کے مواقع نہ ہونے سے لوگ باہر ممالک جاتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، ہماری کوششوں سے اگر افغانستان میں امن آ جاتا ہے تو رشکئی انڈسٹریل زون کے ذریعے یہ پورا علاقہ وسط ایشیا سے منسلک ہو جائے گا اور تجارت  کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائے گئے ترسیلات زر کے حوالے سے کہا ہے کہ رواں برس اگست کے مہینے میں بیرون ملک سے 2095 ملین امریکی ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائے گئے ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 24.4 فیصد زیادہ ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں برس جولائی میں یہ ترسیلات 2768ملین ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچی، رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران یہ ترسیلات گزشتہ برس کے اسی دورانیے کی نسبت31 فیصد زیادہ رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔