پہلا دوسرا اور تیسرا: سعید اجمل کا آئی سی سی کو منہ توڑجواب

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 7 ستمبر 2012
سعید اجمل پہلے ٹی 20 میں وکٹ کے حصول پر خوشی سے بے قابو‘ وہ ون ڈے رینکنگ میں نمبرون بن گئے۔  فوٹو : ایکسپریس

سعید اجمل پہلے ٹی 20 میں وکٹ کے حصول پر خوشی سے بے قابو‘ وہ ون ڈے رینکنگ میں نمبرون بن گئے۔ فوٹو : ایکسپریس

دبئی: سعید اجمل نے عالمی رینکنگ میں پہلا، دوسرا اور تیسرا سے آئی سی سی کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

ایوارڈز شارٹ لسٹ سے باہر ہونے والے آف اسپنر نے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 3 پوزیشنز اپنے نام کرلیں، ون ڈے بولرز میں پہلے، ٹوئنٹی 20 میں دوسرے اور ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ محمد حفیظ ایک روزہ بولنگ میں دوسرے نمبر پر چلے گئے، شاہد آفریدی بھی تین درجے تنزلی کے بعد 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے، بیٹنگ میں عمراکمل 13 ویں پوزیشن پر برقرارہیں۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گذشتہ برس عالمی کرکٹ میں تباہی مچانے والے پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کو اپنے ایوارڈز کی تینوں ٹاپ کیٹیگریز میں نامزد کرنے کے بعد نام خارج کردیا مگر اسٹار اسپنر نے آن دی فیلڈ پرفارمنس سے آئی سی سی کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں انھوں نے 9.9 کی ایوریج سے 10 وکٹیں حاصل کرکے ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی، پہلے دنیا کے نمبرون ون ڈے بولر کا اعزاز محمد حفیظ کے پاس تھا جو اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ سعید اجمل کی اس دودرجے ترقی نے کھیل کے تینوں فارمیٹس کی عالمی رینکنگ میں ان کی پوزیشن خاصی دلچسپ بنادی، ون ڈے میں ان کا پہلا۔

ٹوئنٹی 20 میں دوسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریزسے دیگر کھلاڑیوں کو بھی ان کی پرفارمنسز کا رینکنگ میں ترقی اور تنزلی کی صورت میں صلہ ملا، بولرز رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کا شکار ہونے والے حفیظ آل رائونڈرز میں ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے جبکہ تین میں سے دو میچز کھیلنے والے شاہد آفریدی 16 سے 19 ویں نمبر پر چلے گئے تاہم آل رائونڈرز میں ان کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔

عبدالرحمان 12 درجے ترقی کے ساتھ 61 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی عمر اکمل بدستور 13 ویں نمبر پر موجود ہیں، محمد حفیظ ایک درجہ بہتری سے 42 ویں، اظہر علی 21 درجے چھلانگ لگا کر 52 ویں، اسد شفیق 7 سیڑھیاں چڑھ کر 55 ویں اور 35 درجے کی جست سے ناصر جمشید 78 ویں نمبر پر پہنچ گئے، وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی 78 ویں پوزیشن سے رینکنگ میں واپسی ہوئی۔ٹاپ بیٹسمین کا اعزاز جنوبی افریقی اسٹار ہاشم آملا کے قبضے میں ہے۔ ٹیموں میں پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔