دوسراون ڈے؛ آسٹریلوی بیٹنگ پر اچانک لرزہ طاری ہوگیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 15 ستمبر 2020
فنچ کے 73 رنزکام نہ آئے،جوفراآرچر، ووکس اور سام کرن کی3، 3 وکٹیں ۔  فوٹو : انٹرنیٹ

فنچ کے 73 رنزکام نہ آئے،جوفراآرچر، ووکس اور سام کرن کی3، 3 وکٹیں ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

مانچسٹر:  انگلینڈ سے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلوی بیٹنگ پر اچانک لرزہ طاری ہوگیا۔

232 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والے کینگروز کو آغاز پر ہی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی جدائی برداشت کرنا پڑی جو6 رنز بناکر آرچر کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، مارکس اسٹوئنس (9) کو بھی کاٹ بی ہائنڈ کرکے آرچر نے مہمان ٹیم کو دوسرا صدمہ پہنچایا۔

اس صورتحال میں ٹیم کو سنبھالتے ہوئے فنچ اور مارنس لبوشین نے مجموعے کو 144 رنز تک پہنچا دیا تاہم اچانک صرف 3 رنز کے دوران 4 وکٹیں گرنے سے آسٹریلوی مہم کو کافی نقصان پہنچا، ووکس نے 3 اہم وکٹیں لیں، انھوں نے لبوشین (48)، فنچ (73) اور گلین میکسویل (1) کو میدان بدر کیا۔

اب سام کرن نے کینگروز کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ہی اوور میں پیٹ کمنز (11) اور ایڈم زامپا (2) کو آؤٹ کردیا، مچل اسٹارک کو بھی انھوں نے کھاتہ کھولنے کی مہلت نہیں دی۔

لیگ اسپنر عادل رشید کی گیند پر جوز بٹلر نے آخری کھلاڑی الیکس کیری (36) کواسٹمپڈ کرکے آسٹریلوی اننگز کا 207 رنز پر اختتام کردیا،آرچر، ووکس اور سام کرن نے 3، 3 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔