درجنوں جائیدادوں اور گاڑیوں کا مالک سابق سرکاری انجینئر گرفتار

طالب فریدی  منگل 15 ستمبر 2020
ملزم محمد رمضان پر دوران سروس غیرقانونی طور پر 20 کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادیں بنانے کا الزام

ملزم محمد رمضان پر دوران سروس غیرقانونی طور پر 20 کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادیں بنانے کا الزام

نیب لاہور نے بدعنوان سرکاری ملازمین کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی جائیدادیں اور بینک بیلنس کے حامل پنجاب ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے سابق انجینئر محمد رمضان کو گرفتار کرلیا۔

ملزم محمد رمضان کو دوران سروس غیرقانونی طور پر 20 کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزم کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات پر نیب لاہور میں گزشتہ سال انکوائری کا آغاز ہوا ۔ دوران انکوائری ملزم اور اہل خانہ کے نام موجود اثاثہ جات کی تفصیلات اکھٹی کی گئی تو حیران کن انکشافات کا سلسلہ شروع ہوا ۔ دوران تحقیقات ملزم کے نام لاہور، جھنگ، ملتان و دیگر اضلاع میں 50 سے زائد پراپرٹیاں اور کاریں ہونیکا انکشاف ہو چکا ہے۔

ملزم دوران سروس بدعنوانی میں ملوث ہونیکی وجہ سے 6 مرتبہ معطل بھی ہوا لیکن بعد میں بحال ہوتا رہا۔ ٹھوس شواہد پر سابق سپریٹنڈنگ انجینئر محمد رمضان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

ملزم پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے اسے صفائی اور زرائع آمدن کی فراہمی کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا تاہم ملزم مکمل طور پر ناکام رہا۔ نیب حکام ملزم محمد رمضان کو کل لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کرینگے تاکہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔