ایران نے حملہ کیا تو ہزار گنا شدت سے جواب دیں گے، ٹرمپ

ویب ڈیسک  منگل 15 ستمبر 2020
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران امریکی سفیر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، ٹرمپ (فوٹو : فئل)

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران امریکی سفیر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، ٹرمپ (فوٹو : فئل)

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے حملہ کیا تو اس کا ہزار گنا شدت سے جواب دیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران اپنے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے امریکی شخص کو نشانہ بنانے یا امریکا پر حملہ کرنے کی سازش کر رہا ہے۔

امریکی صدر نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں ایران کو خبردار کیا کہ اگر کسی بھی شکل میں کوئی حملہ کیا گیا تو امریکا اس سے ہزار گنا شدت سے ایران پر حملہ کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی کو امریکی فوجیوں کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے پر ہلاک کیا تھا۔

قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ایران اپنے مقتول جنرل کا بدلہ لینے کے لیے امریکا کی جنوبی افریقا میں سفیر لانا مارکس کے قتل کا منصوبہ بنا رہا ہے تاہم وزیر خاجہ مائیک پومپیو نے لانا مارکس کی زندگی خطرے میں ہونے سے متعلق سوال پر براہ راست تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔

دوسری جانب ایران کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں لانا مارکس کے قتل کے منصوبے سے متعلق خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں اور یہ ایران مخالف مخصوص مائند سیٹ کا پروپیگنڈا ہے جس کا حقائق سے دور تک تعلق نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔