سوک سینٹرکراچی میں کے ڈی اے کے 2 افسر اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں قتل

اسٹاف رپورٹر  منگل 15 ستمبر 2020
وسیم عثمانی اور وسیم رضا کی لاشیں لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں فوٹو: فائل

وسیم عثمانی اور وسیم رضا کی لاشیں لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں فوٹو: فائل

 کراچی: سوک سینٹر میں کے ڈی اے آفس لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی تیسری منزل پر ایک افسر نے فائرنگ کرکے دوافسران کو قتل کردیا جب کہ ملزم نے ڈرامہ رچانے کے لیے خود کو بھی گولی مارکر زخمی کرلیا۔

کراچی کے سوک سینٹر میں قائم کے ڈی اے آفس کی تیسری منزل پر لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ایک کمرے میں سپرٹینڈنٹ محمد حفیظ نے فائرنگ کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم عثمانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ وسیم رضا پر اندھادھند فائرنگ کرکے زخمی کردیا ملزم نے پولیس کو اور کے ڈی اے افسران کو گمراہ کرنے کے لیے خود کو بھی گولی مارکر زخمی کرلیا۔ زخمی ہونے کے بعد ملزم ٹیبل نے نیچے چھپ گیا فائرنگ کی آواز سن کر اسٹاف جمع ہوگیا زخمی حفیظ نے شور مچایا ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ جس کے بعد تینوں زخمیوں کو کے ڈی اے کا عملہ اسپتال پہنچا رہا تھا کہ راستے میں وسیم عثمانی نے دم توڑ دیا جبکہ وسیم رضا کو اسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

فائرنگ کی آواز سن کر کے ڈی اے کی تینوں عمارتوں میں بھگڈر مچ گئی، عملہ اور سائلین تیسری منزل پر پہنچ گئے، کے ڈی اے عملے نے فوری طور پر 15 مددگار پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کی تلاش کے دوران کمرے سے ایک پستول برآمد کرلیا۔ جس سے بارود کی بو آرہی تھی، پولیس نے فوری طور پر نجی اسپتال پہنچ کر زخمی سپرٹینڈنٹ ملزم کے ڈی اے کے افسر محمد حفیظ کر حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی طور پر اسپتال میں بیان دیا کہ اس نے ہی فائرنگ کرکے دونوں افسران کو زخمی کرکے خود کو گولی مارلی تھی ، ہم تینوں آپس میں گہرے دوست تھے 20 سے 25 دن قبل نئے ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ ( ڈی ایل ایم ) کی تعیناتی کے بعد تینوں دوستوں کو عہدوں سے ہٹادیا گیا تھا، چند دن قبل وسیم عثمانی کو میٹروول برانچ کے مختلف ڈیپارٹمنٹ پر تعینات کردیا، مجھے لگا کہ وسیم عثمانی اور وسیم رضا ملی بھگت سے مجھے عہدے سے ہٹاکر خود تعینات ہوگئے، جس پر رنج تھا، وقوعہ سے چند گھنٹے قبل بھی اسی بات پر کمرے میں جھگڑا ہوا تھا طیش میں آکر گھر سے پستول لاکر فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول اور 5 خول ملے ہیں جنہیں تحویل میں لے کر فرانزک کے لیے بھیجے جائیں گے۔ مقتول وسیم عثمانی اور وسیم رضا کی لاشیں ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔

ایس ایس پی کراچی شرقی ساجد سدوزئی کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچ کر معلومات حاصل کی تو پتہ چل کمرے میں ہلاک و زخمی کے علاوہ چوتھا شخص بھی موجود تھا جو واردات کے بعد غائب ہوگیا پولیس نے 2 سے 3 گھنٹے کی تلاش کے بعد ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے جس کا نام عمران شاہ ہے، یہ بھی کے ڈی اے میں سپرٹینڈنٹ کے عہدے پر فائز ہے، وقوعہ سے دو سے تین منٹ قبل وہ بھی کمرے میں موجود تھا جسے ملزم محمد حفیظ نے کمرے سے باہر نکال کر فائرنگ کردی، پولیس نے عمران شاہ کو حراست میں لے کر تفتیش کا آگاہ کردیا۔

یاد رہے کہ کے ڈی اے لینڈ میں عہدے کی تعیناتی اور فائلوں کی مدد میں مبینہ طور پر لاکھوں روپے اعلی افسران تک جاتے ہیں ایڈیشنل اور سپرٹینڈنٹ ہر فائل کی مدد میں مبینہ طور پر 5 سے 6 ہزار روپے لیتے ہیں ، رقم نہ ملنے پر فائل آگے نہیں جاتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔