بغدے کے وار کرکے ماں کو قتل کرنے والے جڑواں بھائیوں کو سزائے موت

ویب ڈیسک  منگل 15 ستمبر 2020
دونوں پر اپنے کزن اور تین پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا بھی الزام ہے، فوٹو : فائل

دونوں پر اپنے کزن اور تین پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا بھی الزام ہے، فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب کی فوجداری عدالت نے داعش سے تعلق رکھنے والے جڑواں بھائیوں کو ماں کو قتل اور باپ و بھائی کو زخمی کرنے کے جرم میں سزائے موت سنادی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق جون 2016 میں دارالحکومت ریاض کے محلے الحمرا میں جڑواں بھائیوں نے اپنی 67 سالہ ماں، 73 سالہ باپ اور 22 سالہ بھائی پر بغدے اور تیز دھار خنجر سے پے در پے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔ ماں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ دیا تھا۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ جڑواں بھائیوں کا رجحان داعش کی جانب تھا۔ وہ اپنے والدین اور بھائی کو دائرہ اسلام سے خارج سمجھتے تھے جس پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے پہلے ماں کو کمرے میں بلا کر حملہ کیا اور پھر باپ و بھائی کو نشانہ بنایا۔

ریاض کی فوجداری عدالت نے اس ہولناک واردات کی سماعت کی اور جرم ثابت ہونے پر قاتل جڑواں بھائیوں کو سزائے موت سنادی جس پر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جلد عمل درآمد کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔