سمندر میں کشتی پر چھاپہ، 82 کروڑ کی منشیات برآمد اور 8 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 15 ستمبر 2020
گرفتار ملزمان اور ان سے برآمد کی گئی 2700 کلوگرام منشیات، ساتھ کسٹم اور میری ٹائم کے افسران بھی موجود ہیں(فوٹو : پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی)

گرفتار ملزمان اور ان سے برآمد کی گئی 2700 کلوگرام منشیات، ساتھ کسٹم اور میری ٹائم کے افسران بھی موجود ہیں(فوٹو : پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی)

 کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم نے سمندر میں  مشترکہ کارروائی کے دوران کشتی پر چھاپہ مار کر 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 2700 کلو گرام منشیات قبضے میں کرلی۔

میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ہیڈ کواٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی ڈی جی پی ایم ایس اے کموڈور جواد قریشی کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس پر مبنی کاؤنٹر نارکوٹکس کا ایک اور کامیاب آپریشن سمندر میں کیا گیا جس کے نتیجے میں سمندر میں 2700 کلو گرام منشیات اور 8 اسمگلرز کو اپنی تحویل میں لے لیاگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایس اے کے طیارے نے معمول کی گشت کے دوران اپنی سمندری حدود میں ایک مشکوک کشتی کی نشاندہی کی جو کہ ماہی گیروں کی کشتیوں کے درمیان میں چھپی ہوئی تھی جس پر پی ایم ایس اے کے ہوائی جہاز کو فوراً روانہ کیا گیا، مشتبہ کشتی جہاز کو دیکھ کر  کھلے سمندر کی طرف بڑھنے لگی، جب اسمگلرز کو یقین ہو گیا کہ وہ پکڑے جائیں گے تو انھوں نے شواہد کو ختم کرنے کے لیے کشتی کو آگ لگا دی اور خود کھلے سمندر میں کود پڑے۔

PMSA and custom raid 2700kg drugs recovered 2

انہوں نے کہا کہ جہاز نے آگ بجھانے کے لیے پوری کوشش کی لیکن آگ زیادہ پھیلنے کی وجہ سے کشتی سمندر میں ڈوب گئی، جہاز نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام اسمگلروں کو سمندر سے نکال کر اپنی حراست میں لے لیا علاوہ ازیں تقریبا 2700 کلو گرام منشیات ( چرس) بھی اپنے قبضے میں کرلی جو کہ پانی پر تیر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں منشیات کی مالیت 820 ملین پاکستانی روپے ہے، پکڑی گئی منشیات کو مزید قانونی کاروائی کے لیے  پاکستان کسٹم کے حوالے کیا جا رہا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اسمگلنگ کے خلاف یہ تیسرا کامیاب آپریشن ہے، قبل ازیں دو کارروائیوں کے نتیجے میں ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔