کراچی میں لڑکی سے بدسلوکی کے الزام میں 3 افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 ستمبر 2020
نوجوان لڑکی نے الزام عائد کیا کہ اسے راستے میں کچھ افراد نے روکا اور فلیٹ کی چھت پر لے جانے کی کوشش کی

نوجوان لڑکی نے الزام عائد کیا کہ اسے راستے میں کچھ افراد نے روکا اور فلیٹ کی چھت پر لے جانے کی کوشش کی

 کراچی: نارتھ ناظم آباد میں نوجوان لڑکی سے بدسلوکی کا مقدمہ درج کرکے نامزد تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ، تینوں افراد باپ بیٹے ہیں۔

منگل کو رات گئے نارتھ ناظم آباد کے علاقے بی بلاک میں نوجوان لڑکی نے الزام عائد کیا کہ اسے راستے میں کچھ افراد نے روکا اور فلیٹ کی چھت پر لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران مزاحمت پر اس کے چہرے اور گردن پر خراشیں بھی آئیں۔

واقعے کے بعد لڑکی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد تھانے پہنچ گئی جہاں پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 204/2020 بجرم دفعہ 354/504/337 کے تحت تین نامزد ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔

متاثرہ خاندان کا الزام تھا کہ مددگارون فائیو پر کال کرنے کے بعد پولیس نے جب ان تین افراد کو پکڑا تو راستے میں ہی انھیں چھوڑ دیا۔ بعدازاں پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان حماد خان اور فواد خان کو ان کے والد نذیر خان سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا، لڑکی کے چہرے پر ناخن کے نشانات ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔