طالبہ پر استاد کے تشدد کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک / راجا نوبہار  بدھ 16 ستمبر 2020
استاد معصوم بچی کو گردن سے پکڑ کر زور زور سے جھٹکتا اور اسے زوردار تھپڑ مارتا ہے۔ فوٹو:ایکسپریس

استاد معصوم بچی کو گردن سے پکڑ کر زور زور سے جھٹکتا اور اسے زوردار تھپڑ مارتا ہے۔ فوٹو:ایکسپریس

جہلم: پولیس نے بچی پر تشدد کرنے والے سفاک استاد کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق جہلم میں واقع ایک نجی اکیڈمی میں پڑھائی کے دوران بچیوں کو تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ظالم استاد معصوم بچی کو گردن سے پکڑ کر زور زور سے جھٹکتا اور اسے اس شدت سے تھپڑ مارتا ہے کہ بچی زمین پر گر جاتی ہے۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی عمران احمر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم شاکر داوڑ کو تشدد میں ملوث اکیڈمی انتظامیہ کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کردیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں  سے بدسلوکی و تشدد کسی صورت برداشت نہیں۔

پولیس نے عوام کی نشاندہی پر ابوبکر نامی استاد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، جب کہ اکیڈمی کو فوری طور سیل کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔