سینیٹ کمیٹی کا عدم پیشی پر سی سی پی او کے سمن جاری کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 16 ستمبر 2020
سینیٹ کمیٹی نے سی سی پی او کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے(فوٹو، فائل)

سینیٹ کمیٹی نے سی سی پی او کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق  نے موٹر وے زیادتی کیس پر سی سی پی او لاہور کی عدم پیشی پر ارکان نے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیااورسمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کمیٹی کا  اجلاس چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت شروع  ہوا جس میں موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے معاملے پر بحث ہوئی۔ اس معاملے پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو طلب کیا گیا تھا تاہم وہ کمیٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔  اجلاس میں سی سی پی او  لاہور کی عدم شرکت پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا۔

چیئرمین کمیٹی مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سی سی پی او اتنے بااثر ہیں کہ پارلیمنٹ کو جوابدہ نہیں۔ انہوں نے کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کر کے کمیٹی کا استحقاق مجروح کیا جس کے خلاف تحریک لائی جائے گی۔

کمیٹی ارکان نے سی سی پی او لاہور کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے سمن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ  کمیٹی سی سی پی او کے خلاف اپنے سول کورٹ کے اختیارات کا استعمال کرے گی۔ سی سی پی او کی زر ضمانت بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔کمیٹی اپنی تاریخ میں پہلی بار اپنے یہ اختیار استعمال کر رہی ہے۔

ذمے داری ہماری نہیں تھی، آئی جی موٹر وے

آئی جی موٹر وے پولیس ڈاکٹر کلیم امام کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں ںے کہا خاتون سے زیادتی کا معاملہ موٹر وے پر پیش نہیں آیا۔متاثرہ خاتون نے رات 2بجےموٹر وے ہیلپ لائن پر کال کی جو کہ  موٹر وے پولیس کی کال ایمرجنسی کال نہیں تھی۔ جس جگہ پر خاتون سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا اس جگہ پر سیکیورٹی کی ذمے داری ہماری نہیں تھی۔

بعد ازاں مسلم لیگ ن کی رکن پارلیمنٹ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تھانہ گوجر پورہ لاہور پولیس کے ماتحت آتا ہے۔ حدود کے تعین پر کمیٹی کے 45 منٹ ضایع کیے گئے وہاں بھی ادارے حدود پر الجھے رہے۔

فیصل واڈوا کی اجلاس میں شرکت کی کوشش

سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں وفاقی وزیر فیصل واڈا نے  بطور ممبر شرکت کی درخواست کی تاہم ارکان کی مخالفت پر چیئرمین کمیٹی نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ارکان کی مخالفت کے بع وفاقی وزیر کو کمیٹی روم سے جانا پڑا۔

زیادتی کیس پر ذیلی کمیٹی تشکیل

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے  موٹر وے زیادتی کیس کے معاملے پر سینیٹر عائشہ اورسینیٹر عینی پر مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو خواتین ارکان پر مشتمل ہوگی اور ریاستی اداروں کی جانب سے غفلت کی تحقیقات بھی کرے گی۔ ذیلی کمیٹی زیادتی کیس میں ذمہ دارن کا تعین بھی کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔