سبزی منڈی میں سیوریج کا نظام تباہ، گندگی کے ڈھیر

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 ستمبر 2020
تباہ حال سڑکوں پر سبزی لے کر آنیوالے ٹرک دھنسنے لگے ، منڈی میں انٹری فیس، دکانوں کے کرایوں کا بھاری فنڈ جمع ہونے کے باوجودمسائل حل نہیں ہوتے،تاجر ۔  فوٹو : ایکسپریس

تباہ حال سڑکوں پر سبزی لے کر آنیوالے ٹرک دھنسنے لگے ، منڈی میں انٹری فیس، دکانوں کے کرایوں کا بھاری فنڈ جمع ہونے کے باوجودمسائل حل نہیں ہوتے،تاجر ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: سپر ہائی وے سبزی منڈی میں سیوریج کا نظام تباہی کا شکار ہے ،منڈی میں جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

سبزی منڈی کی اندرونی گلیوں اور سڑکوں پر گلے سڑے پھل اور سبزیوں کے ڈھیر وں سے تعفن پھیل رہا ہے ،سبزی منڈی صفائی کے نام پر بھاری اخراجات کے باوجود غلاظت کا ڈھیر بن گئی جس کی وجہ سے منڈی میں کاروبار کرنے والوں اور خریداری کے لیے آنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے، سبزی سیکشن کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔

سڑکیں بیٹھ چکی ہیں جن کی کبھی مرمت نہیں کی گئی آئے روز سبزی لے کر آنے والے ٹرک اور گاڑیاں سڑکوں میں دھنس جاتے ہیں جس کی وجہ سے آمدورفت معطل ہوجاتی ہے۔

سبزی کے تاجر اشرف رحیم داد کے مطابق سبزی منڈی کچرا منڈی بن چکی ہے ،گندگی کی وجہ سے تجارتی  سرگرمیاں جاری رکھنا محال ہوگیا،بارش کے بعد کراچی سبزی منڈی کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی، جگہ جگہ گلے سڑے پھل اور سبزیوں کے ڈھیر لگے ہیں جن سے تعفن پھیل رہا ہے ،بیوپاری اور تاجر گندگی اور آلودہ ماحول میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

سبزی کے تاجر الطاف بلوچ کے مطابق منڈی میں انٹری فیس، دکانوں کے کرایوں کی مد میں بھاری فنڈ جمع ہوتا ہے لیکن منڈی کے مسائل حل نہیں ہوتے ، سبزی منڈی میں جگہ جگہ کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

سبزی منڈی کے تاجروں کے مطابق منڈی میں صفائی  کا نظام عام دنوں میں ہی ابتر رہتا ہے اور بارشوں کے بعد منڈی کسی کچرا کونڈی یا گندے پانی کے جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگتی ہے۔

مارکیٹ کمیٹی جو منڈی میں ہونے والی تجارت اور انٹری فیس شیڈز اور دکانوں کے کرایوں  کی مد میں کروڑوں روپے اکھٹا کرتی ہے منڈی میں نظم و نسق برقرار رکھنے اور بالخصوص صفائی کا نظام بہتر رکھنے میں بری طرح ناکام ہے، سبزی منڈی میں گندگی اور غلاظت کی وجہ سے منڈی میں آنے والے خریداروں اور بیوپاریوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

دوسری جانب آلودہ پھل سبزیاں کھانے والے شہری بھی وبائی امراض کا شکار ہوسکتے ہیں، تاجروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سبزی منڈی میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور تاجروں کو گندگی سے نجات دلائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔