آئی بی اے کراچی کے ڈائریکٹر کی تنخواہ ساڑھے 25 لاکھ کرنیکی منظوری

صفدر رضوی  جمعرات 17 ستمبر 2020
تنخواہ سمیت دیگر مراعات کا اطلاق تقرری کی تاریخ رواں سال 13جنوری سے ہوگا
 فوٹو : فائل

تنخواہ سمیت دیگر مراعات کا اطلاق تقرری کی تاریخ رواں سال 13جنوری سے ہوگا فوٹو : فائل

 کراچی:  حکومت سندھ نے آئی بی اے کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے25 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے وزیر اعلی سندھ کی منظوری سے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے اور جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق تنخواہ سمیت دیگر مراعات کا اطلاق ڈاکٹر اکبر زیدی کی تقرری کی تاریخ رواں سال 13 جنوری سے ہوگا۔

اس نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے اعلی سرکاری تعلیمی اداروں(جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹس) کے سربراہوں میں ڈاکٹر اکبر زیدی سرکاری فنڈز اور طلبہ کی فیسوں سے سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے سربراہ بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ تنخواہ میں اضافے کی سمری محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے آئی بی اے کراچی کی سفارش پر تقریباً 8 ماہ قبل حکومت سندھ کو بھجوائی گئی تھی اور نئے ڈائریکٹر کی تنخواہ تقریباً 25 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے 25 لاکھ روپے ماہانہ مقررکرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال نے اپنی تعیناتی کے بعد سندھ کے دیگر وائس چانسلرز / ڈائریکٹرز کے مقابلے میں اس وقت کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے اپنی تنخواہ میں کئی لاکھ اضافے کے بعد اسے18 لاکھ روپے مقرر کرالیا تھا اور آئی بی اے کے فنانس کے ذرائع کے مطابق گزشتہ برس جب وہ آئی بی اے سے قبل آز وقت سبکدوش ہوئے تو وہ 21 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لے رہے تھے یہ انکریمنٹ تین سال تک بجٹ میں لگایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔