مصباح اور حفیظ نے وزیراعظم کے سامنے بے روزگارکرکٹرز کا مقدمہ اچھے انداز میں پیش کیا

سلیم خالق  جمعرات 17 ستمبر 2020
ٹی وی رائٹس ڈیل سے کرکٹ بورڈ کو دن پھرنے کا یقین - فوٹو: سوشل میڈیا

ٹی وی رائٹس ڈیل سے کرکٹ بورڈ کو دن پھرنے کا یقین - فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی: ٹی وی رائٹس ڈیل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو دن پھرنے کا یقین ہے اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ اس سے بہت پیسہ آئے گا۔

وزیر اعظم عمران خان سے سابق و موجودہ کپتانوں اور پی سی بی آفیشلز کی گذشتہ روز ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر محمد حفیظ نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ  ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلیوں کا نچلے لیول پر عمل نہ ہوا، اس سے70  فیصد کرکٹرز و آفیشلز متاثر ہوئے ہیں۔ اس پر چیئرمین بورڈ احسان مانی نے کہا کہ ہم نے  سسٹم پر عمل درآمد کرا دیا ہے،البتہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تھوڑے مسائل ہوئے ہیں۔

مصباح الحق  نے کہا کہ کھلاڑیوں کی روزی روٹی کرکٹ ہے، اگر وہ اس سے پیسہ نہ کما سکیں تو کیا کریں گے، اس وقت کرکٹرز تکلیف میں ہیں، گھریلو اخراجات کیلیے انھیں ٹیکسی تک چلانا پڑ رہی ہے، اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے، اس پر احسان مانی نے ہی کہا کہ پی ٹی وی سے ٹیلی ویژن رائٹس کی ڈیل سے پی سی بی کے پاس بہت پیسہ آئے گا، ہم تمام کھلاڑیوں کے مسائل حل کر دیں گے، اس کی مکمل ذمہ داری لیتے ہیں، یہ باتیں سن کر وزیر اعظم نے مصباح اور حفیظ سے کہا کہ چیئرمین نے ضمانت دے دی ہے کہ وہ مسائل حل کریں گے چاہے وہ مالی یا مواقع ملنے کے جو بھی ہوں، انھوں نے  محمد حفیظ کی انگلینڈ سے ٹی ٹوئنٹی میچز میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھیں سدابہار کرکٹر قرار دیا جبکہ مصباح الحق سے کہا کہ تم پریشان نہ ہوا کرو کھل کر اپنی ذمہ داری نبھاؤ۔

ذرائع نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی خواہش تھی کہ وہی وزیراعظم سے ملاقات کرتے مگر پیٹرن کے کہنے پر بورڈ آفیشلز کو بھی ساتھ بلایا گیا تاکہ جو مسائل سامنے آئیں ان پر اسی وقت بات کی جا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔