کراچی پیکیج کی ٹائم لائن طے، پہلا منصوبہ اگلے ماہ سے شروع ہوگا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 18 ستمبر 2020
منصوبہ نومبر میں مکمل ہوگا،قائد آباد براستہ کورنگی نمائش چورنگی یلو لائن بس منصوبہ عالمی بینک کی شراکت سے شروع ہوگا، ذرائع۔  فوٹو : فائل

منصوبہ نومبر میں مکمل ہوگا،قائد آباد براستہ کورنگی نمائش چورنگی یلو لائن بس منصوبہ عالمی بینک کی شراکت سے شروع ہوگا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

 کراچی: وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج پر مزید پیشرفت ہوئی ہے جب کہ کراچی پیکیج میں شامل کون سا منصوبہ کب شروع ہوگا تفصیلات سامنے آگئیں۔

سندھ حکومت نے بھی کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج کی ٹائم لائن طے کرلی ہے، سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج میں شامل پہلا منصوبہ اکتوبر سے شروع ہوگا، اکتوبر میں ملیر ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔

ملیر ایکسپریس وے منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا جائیگا، جبکہ ملیر ایکسپریس وے منصوبے کی فزیبلٹی اور دیگر دستاویزی امور منظور ہوچکے ہیں۔

ذرائع سندھ حکومت نے مزید بتایا کہ 1113 ارب روپے کے کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج کا پہلا منصوبہ رواں سال نومبر میں مکمل ہوگا، کراچی پیکیج میں شامل کورنگی ابراہیم حیدری شاہراہ، پیپلزاسکوائر نومبر میں عوام کے لیے کھول دیاجائے گا۔ قائد آباد براستہ کورنگی نمائش چورنگی یلو لائن بس منصوبہ عالمی بینک کی شراکت سے شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق یلو لائن بس منصوبے کے ڈیزائن فزیبلٹی اور دیگر امور پر کام جاری ہے جبکہ یلو لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد دسمبرمیں رکھا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔