مسئلہ کشمیر طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوگا، وزیر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعـء 18 ستمبر 2020
بھارت گذشتہ 7 دہائیوں سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال کررہا ہے، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو : فائل

بھارت گذشتہ 7 دہائیوں سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال کررہا ہے، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال گذشتہ 7 دہائیوں سے کررہاہے تاہم طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جس کے باعث ہندوستان کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے اور شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جارہا ہے، کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرےلگتے ہیں، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یکطرفہ فیصلوں کوقبول نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہرفورم پر اٹھاتے رہیں گے، وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے، اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیرکےمسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتاہوں، پاکستان کو وقتی طور پر بہت بڑا ریلیف ملا ہے، کورونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے اور ان حالات میں یہ بڑاریلیف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ہے جس نے مشکل وقت میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیاہے جب کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایک جذباتی لگاؤ ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا، طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے تاہم  ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔