غلط کام کروں تو لوگ اینٹیں مارکر میری گاڑی کے شیشے توڑ دیں، وفاقی وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 18 ستمبر 2020
میرے حلقے میں کوئی پولیس افسر پٹواری غلط کام کرے میں ذمہ دار ہوں، اعجاز شاہ

میرے حلقے میں کوئی پولیس افسر پٹواری غلط کام کرے میں ذمہ دار ہوں، اعجاز شاہ

 لاہور: وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ اگر میں غلط کام کروں تو لوگ اینٹیں مارکر میری گاڑی کے شیشے توڑ دیں۔

وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنا 60 فیصد وقت معیشت میں بہتری لانے کیلئے صرف کرتے ہیں، لوگ انکم ٹیکس دیں، ٹیکس کی کلیکشن بہتر ہو اور صنعتیں زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں، انڈسٹری لگے گی تو نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ ملکی سرمایہ کار ننکانہ صاحب تک چلے جائیں لیکن ڈھاکا یا ملائیشیا نہ جائیں، غیر ملکی سرمایہ کاری اسی صورت میں ہوگی جب مقامی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

عاصم باجوہ اسکینڈل سے متعلق اعجاز شاہ نے کہا کہ کوئی بھی احتساب سے ماورا نہیں، عاصم باجوہ جب میجر تھے تب ان کے ساتھ کام کیا، میں نے کبھی ان کی کوئی فیکٹری نہیں دیکھی۔

اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ میں اپنے حلقے میں کسی سے زیادتی نہیں ہونے دیتا، میرا اعلان ہے میرے حلقے میں کوئی پولیس افسر پٹواری غلط کام کرے میں ذمہ دار ہوں ،  لوگوں سے کہا ہے اگر میں غلط کام کروں تو میری گاڑی پر اینٹیں ماریں اور میری گاڑی کے شیشے توڑ دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔