روسی ملکہ حسن کی سیلز گرل پر چاقو سے حملے کی ویڈیو وائرل، ماڈل گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 18 ستمبر 2020
نتالیہ نے 2005 میں اولیانووسک کی ملکہ حسن کا مقابلہ جیتا تھا، فوٹو : فائل

نتالیہ نے 2005 میں اولیانووسک کی ملکہ حسن کا مقابلہ جیتا تھا، فوٹو : فائل

 ماسکو: روس کی سابق ملکہ حسن اور ماڈل 32 سالہ نتالیہ نے ایک سپر اسٹور میں سیلز گرل پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے شہر اولیانووسک کی 2005 میں مقابلہ حسن جیتنے والی موجودہ ٹاپ ماڈل نتالیہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، اُن پر ایک سپر اسٹور میں سیلز گرل پر چاقو سے حملہ کرنے کا الزام ہے۔

سپر اسٹور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سبزیوں کے کاؤنٹرز پر ماسک لگائے ملکہ حسن اپنے بیگ سے چاقو نکال کر سیلز گرل پر حملہ آور ہوتی ہیں اور دس سے زائد بار ضربیں لگاتی ہیں۔

سپر اسٹور کے اسٹاف نے بہ مشکل ماڈل کے چنگل سے سیلز گرل کو چھڑایا، سیکیورٹی گارڈ نے نتالیہ کو ایک کمرے میں بند کرکے پولیس کو بلایا۔ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے نتالیہ کو گرفتار کرلیا۔

سیلز گرل کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے کمر، سر، گردن اور بازو پر آنے والے گہرے زخموں کی مرہم پٹی کی گئی ہے، سیلز گرل کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ حملے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔