تیل، گیس منافع؛ وزارت پٹرولیم بلوچستان کو2.5 فیصد شیئر پر آمادہ

نمائندہ ایکسپریس / اے پی پی  ہفتہ 19 ستمبر 2020
وزیراعلیٰ جام کمال کی عمرایوب ،ندیم بابر سے ملاقات، ایل پی جی پلانٹس لگانے پرغور

وزیراعلیٰ جام کمال کی عمرایوب ،ندیم بابر سے ملاقات، ایل پی جی پلانٹس لگانے پرغور

 اسلام آباد: وفاقی وزارت پٹرولیم کی جانب سے بلوچستان کے تیل اور گیس کے سب سے اہم بلاک 28میں بلوچستان حکومت کو منافع کا 2.5 فیصد حصہ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پٹرولیم ہاؤس میں وفاقی وزیر توانائی عمرایوب اوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی وقدرتی وسائل ندیم بابر سے ملاقات کی جس میں سوئی مائننگ لیز کی توسیع، پارکو کیلیے اراضی کی فراہمی،قدرتی گیس کی بلنگ کے میکنزم، صوبے کے دوردراز علاقوں میں ایل پی جی پلانٹس کی تنصیب سمیت توانائی شعبہ سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں بلوچستان میں شعبہ توانائی میں وفاق کی معاونت سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے، مشترکہ اقدامات کرنے اور قدرتی وسائل کی تلاش و ترقی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے علاوہ توانائی اور پٹرولیم سیکٹر میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کے فروغ سے اتفاق کیاگیا۔

وفاقی وزارت پٹرولیم کی جانب سے بلوچستان کے تیل اور گیس کے سب سے اہم بلاک 28میں بلوچستان حکومت کو منافع کا 2.5 فیصد حصہ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا، نوکنڈی ونڈ کو ریڈور کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ کو توانائی کی ترقی کے قومی پروگرام میں شامل کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔