سینیٹر فیصل جاوید کو ٹیکس نادہندہ بتانے پر ایف بی آر کی معذرت

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 ستمبر 2020
پارلیمنٹرینز ڈائریکٹری میں شناختی کارڈ اور اداکردہ ٹیکس کے بارے میں معلومات درست درج نہیں ہیں،ایف بی آر کی وضاحت

پارلیمنٹرینز ڈائریکٹری میں شناختی کارڈ اور اداکردہ ٹیکس کے بارے میں معلومات درست درج نہیں ہیں،ایف بی آر کی وضاحت

اسلام آباد: ایف بی آر نے سینیٹر فیصل جاوید کی ٹیکس تفصیلات غلط جاری ہونے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے 46 ہزار سے زائد کا ٹیکس ادا کیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس ڈائریکٹری 2018 میں سینیٹر فیصل جاوید کے ادا کردہ ٹیکس اور ٹیکس ڈائریکٹری میں شناختی کارڈ کے غلط اندراج پر فیصل جاوید کی جانب سے ایف بی آر سے رجوع کرنے پر وضاحت جاری کردی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق  18ستمبر کو جاری کردہ سال 2018 کی ٹیکس ڈائریکٹری میں تمام ٹیکس گزاروں کی لسٹ کی سیریل نمبر 499903 پر سینیٹر فیصل جاوید کا شناختی کارڈ نمبر اور ادا شدہ ٹیکس کی تفصیلات درست درج ہیں۔ جب کہ پارلیمنٹرینز ڈائریکٹری میں شناختی کارڈ اور اداکردہ ٹیکس کے بارے میں معلومات درست درج نہیں ہیں لہذا ایف بی آر اندراج کی اس غلطی پر معزز پارلیمنٹرین سے معذرت خواہ ہے۔

ایف بی آر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ  سینیٹر فیصل جاوید نے 46 ہزار 127 روپے ٹیکس ادا کیا۔

 

یہ بھی پڑھیں: کس صوبے، شہر اور سیاست دان نے کتنا ٹیکس دیا؟ تفصیلات جاری

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ڈائریکٹری 2018 کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں جس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا نام بالکل ٹیکس نہ دینے والے سیاستدانوں میں شامل تھا جب کہ شاہد خاقان عباسی سرفہرست رہے جنہوں نے 24 کروڑ 13 لاکھ 29 ہزار 362 روپے ٹیکس ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔