بحرین ؛ دوا کے جعلی نسخوں پر دو ایشیائی سمیت 3 افراد کو 5 سال قید

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 ستمبر 2020
یہ دوا اعصابی درد کے لیے استعمال ہوتی ہے، فوٹو : فائل

یہ دوا اعصابی درد کے لیے استعمال ہوتی ہے، فوٹو : فائل

منامہ: بحرین میں ایک دوا کی خریداری کے لیے 400 سے زائد جعلی نسخے دینے پر تین افراد کو 5 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے جن میں سے دو ایشیائی شہری ہیں جنہیں سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین کی نیشنل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے میڈیکل اسٹورز کی معمول کی چیکنگ کے دوران محسوس کیا کہ ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی دوا حیران کن طور پر وافر مقدار میں موجود ہے۔

تحقیقات سے پتا چلا کہ اعصابی درد میں استعمال ہونے والی اس دوا کے نسخے چند ڈاکٹرز کی جانب سے مسلسل لکھے جارہے ہیں اور 400 سے زائد ایسے نسخے ہیں جن کی مریضوں کی ضرورت بھی نہیں تھی۔

نیشنل ریگولیٹری اتھارٹی کی تحقیقات کی بنیاد پر تین افراد کو حراست میں لیا گیا جس میں سے دو ایشیائی افراد ہیں جن کی عمریں 27 اور 37 سال ہے جب کہ ایک 41 سالہ مقامی شہری ہے۔ تینوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ان افراد نے دواؤں کے زیادہ سے زیادہ جعلی نسخے لکھے تاکہ محکمہ داخلہ اس دوائی کا زیادہ سے زیادہ اسٹاک منگوائے۔ یہ دوا اعصاب پر اثر انداز ہوتی ہے اور کچھ لوگ اس کی زیادہ مقدار کو نشے کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔