گوجرہ میں موٹروے ایم فور پر ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 20 ستمبر 2020
کار میں سوار خاندان لیہ جارہا تھا کہ موٹروے پر ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر ہوگئی ۔ فوٹو : فائل

کار میں سوار خاندان لیہ جارہا تھا کہ موٹروے پر ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر ہوگئی ۔ فوٹو : فائل

گوجرہ: موٹروے ایم فور پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرہ میں موٹروے ایم فور پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 8 سالہ بچہ زخمی ہوگیا، حادثے کے بعد ریسکیو ورکرز نے لاشوں اور زخمی بچے کو اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق  لیہ کا رہائشی خاندان جس میں خاتون اور 8سالہ بچے سمیت دیگر افراد شامل تھے، ایئرپورٹ سے واپس لیہ جارہے تھے کہ گوجرہ موٹروے ایم فور پر ان کی کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا تاہم واقعہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حادثے میں زخمی بچے کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔