بنگلہ دیش اور سری لنکا میں ’قرنطینہ‘ کا جھگڑا برقرار

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 ستمبر 2020
بی سی بی ٹور کیلیے اپنی شرطیں منظور ہونے کا منتظر،جلد جواب ملنے کی توقع ۔  فوٹو : فائل

بی سی بی ٹور کیلیے اپنی شرطیں منظور ہونے کا منتظر،جلد جواب ملنے کی توقع ۔ فوٹو : فائل

ڈھاکا:  بنگلہ دیش اور سری لنکا میں ’قرنطینہ‘ کا جھگڑا ختم نہ ہوسکا۔

بی سی بی ٹور کیلیے اپنی شرطیں منظور ہونے کا منتظر ہے، بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین نے کہاکہ ہمیں 1، 2 دن میں جواب ملنے کی توقع ہے، ہم آئی لینڈ پہنچنے کے دوسرے ہی روز ٹریننگ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

سیریز سے قبل دمبولا میں ہی کیمپ لگانے کا ارادہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ ٹیسٹ ٹور کیلیے سری لنکا جانا ہے،مگر قرنطینہ مدت پر دونوں بورڈز کے درمیان اختلاف کی وجہ سے ٹورپر غیریقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ بی سی بی کی خواہش ہے کہ ٹیم صرف 7 روز کا قرنطینہ کرے جبکہ ایس ایل سی نے انھیں پیغام بھجوایا ہے کہ وزارت صحت ہر صورت 14 روزہ قرنطینہ پر زور دے رہا ہے۔

گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں بنگلہ دیشی بورڈکے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین نے کہاکہ ہم نے سری لنکا کرکٹ کو ٹور پر آنے کیلیے اپنی شرائط سے آگاہ کردیا ہے، اس کے بعد ہماری کوئی بات نہیں ہوئی، ابھی تک وہاں سے صرف یہی جواب آیاکہ بورڈ کا ملکی اتھارٹیز سے رابطہ جاری اور اب تک مفید بات چیت ہوئی ہے۔

ہمیں توقع ہے کہ 1،2 روز میں وہاں سے حتمی جواب آجائے گا۔ واضح رہے کہ بی سی بی  چاہتا ہے کہ کھلاڑیوں کو سری لنکا پہنچنے کے ایک یا 2 روز کے اندر ہی فیلڈ میں جانے کی اجازت مل جائے۔

؎ٹیم گال یا دمبولا میں ٹھہرے، نظام الدین نے کہاکہ ہم نے دمبولا میں کیمپ کے حوالے سے بات کی ہے،مگر اس سے قبل ہیلتھ پروٹوکول کے حوالے سے معاملات طے ہونا ضروری ہیں،میزبان بورڈ اس پر کام کررہا ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ہیلتھ پروٹوکول کی تصدیق کے بعد کوئی اور مسئلہ سامنے آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔