دورۂ پاکستان ؛ زمبابوین کرکٹرزکی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 ستمبر 2020
ابتدائی 25 رکنی دستے کا اعلان،ٹیم 20 اکتوبر کو اڑان بھرے گی
 فوٹو: اے ایف پی

ابتدائی 25 رکنی دستے کا اعلان،ٹیم 20 اکتوبر کو اڑان بھرے گی فوٹو: اے ایف پی

ہرارے:  دورۂ پاکستان کیلیے زمبابوے کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، ٹریننگ  کیلیے ابتدائی 25 رکنی دستے کا اعلان کردیا، 20 اکتوبر کو ٹیم 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی20 میچز کیلیے اڑان بھرے گی۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے پاکستان ٹورکیلیے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کردیا،ابتدائی طور پر25 رکنی ٹریننگ اسکواڈ کا اعلان ہوا ہے، مجوزہ شیڈول کے تحت زمبابوین ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان کیلیے اڑان بھرے گی، اس دورے میں شامل 3  ون ڈے میچز آئی سی سی کی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، ان کا انعقاد30 اکتوبر سے 3 نومبر تک ملتان میں ہوگا، ٹی20 میچز کی 7، 8  اور 10 نومبر کو راولپنڈی میزبانی کرے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل زمبابوے کرکٹ کے صدر موکوہلانی نے ٹور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں حکومت کی جانب سے رسمی اجازت کا انتظار ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ بھی زمبابوین ٹیم کی میزبانی کیلیے بائیوسیکیور ماحول کی تشکیل کیلیے کوشاں ہے، تمام میچز تماشائیوں کے بغیر ہی کھیلے جانے کا امکان ہے۔

زمبابوے کا ٹریننگ اسکواڈ فراز اکرم، ریان برل، ریجس چاکابوا، برین چاری، ٹینڈائی چتارا، چھامو چھیبابا، ایلٹن چگمبرا، ٹینڈائی کرسورو، کریگ ایروائن، کائیکل جارویس، لیوک  جونگوے، تناشے کمیون ہکامووے، ویسلے مدھیویرا، ٹائیمیسن ماروما، ویلنگٹن مساکیڈزا، برینڈن ماووتا، پیٹر مور، کارل ممبا، رچمونڈ موتمبامی، رچرڈ نگاراوا، سکندر رضا، ملٹن شومبا، برینڈن ٹیلر، ڈونلڈ ٹریپانو اور سین ولیمز پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔