صحابہؓ و اہلبیت کی حرمت اور ناموس کیلیے متحد ہیں، حرمت صحابہ کانفرنس

اسٹاف رپورٹر  پير 21 ستمبر 2020
کراچی: اہلحدیث اتحاد کونسل کے تحت عظمت صحابہ ؓ کانفرنس کے شرکا نعرے لگا رہے ہیں ۔  فوٹو : ایکسپریس

کراچی: اہلحدیث اتحاد کونسل کے تحت عظمت صحابہ ؓ کانفرنس کے شرکا نعرے لگا رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  اہلحدیث اتحاد کونسل کے تحت حرمت صحابہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علما و مذہبی جماعتوں کے سربراہان نے کہا ہے کہ بیرونی طاقتوں کے ہمنوا امن و امان کی صورت حال خراب کرنا چاہتے ہیں۔

قوم کو صحابہ کرام کی شان میں گستاخیاں کسی صورت برداشت نہیں، حکومت اور اپوزیشن حرمت صحابہ بل کو فوری طور پر پاس کروا کر عملدرآمد کروائیں، گستاخ صحابہ کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے،صحابہ کرام و اہل بیت کی حرمت و ناموس کے لیے متحد و بیدار ہیں، قانون ساز اور سیکورٹی ادارے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار اہلحدیث اتحاد کونسل کے صدر جمیل اظہر وتھراو، مرکزی رہنما اہلحدیث اتحاد کونسل مفتی محمد یوسف کشمیری، الشیخ یحییٰ بھٹی، ابو معاذ محمد حنیف، تحریک اہلحدیث کے صدر مولانا شریف حصاروی ، جماعت غربا اہلحدیث کے مرکزی رہنما علامہ انس مدنی، ناظم اعلیٰ تحریک اہلحدیث مولانا فاروق قصوری، علامہ یوسف قصوری، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان، جمعیت علما پاکستان کے قاضی احمد نورانی، جمعیت علما اسلام س کے حافظ احمد علی ودیگر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہراہ قائدین پر حرمت صحابہ کانفرنس میں بڑی تعداد میں شرکا نے شرکت کی اورحرمت صحابہ کے تحفظ کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ کہاکہ وطن عزیز انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔

جس میں کچھ عناصر شرانگیزی پھیلانے کی خاطر صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرکے امن وامان کی صورت حال خراب کرنا چاہتا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کا فوری نوٹس لیا جائے۔ اہل کراچی صحابہ کرام و اہل بیت کی حرمت و ناموس کے لیے متحد و بیدار ہیں۔ شرپسند عناصر مسلمانوں کے درمیان انتشار چاہتے ہیں۔ صحابہ و اہل بیت کی شان میں گستاخی کا سلسلہ ہم سب کو مل کر روکنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔