پنجاب بھر کی شوگر ملزاربوں روپے کی نادہندہ ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک  پير 21 ستمبر 2020
کسانوں کی 1 ارب روپے سے ذائد رقم مل مالکان کی طرف واجب الادا ہے، اور مل مالکان 3 ارب کے نادہندہ بھی ہیں، رپورٹ.

کسانوں کی 1 ارب روپے سے ذائد رقم مل مالکان کی طرف واجب الادا ہے، اور مل مالکان 3 ارب کے نادہندہ بھی ہیں، رپورٹ.

لاہور: اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں پنجاب بھر کی شوگر ملز اربوں روپے کی نادہندہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شوگر ملز اسکینڈل میں اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں انکشافات ہوا ہے کہ صوبے بھر کی شوگر ملز اربوں روپے کی نادہندہ ہیں، جب کہ گنے کے کاشتکاروں کے خلاف سب سے ذیادہ ظُلم بھی مل مالکان کر رہے ہیں۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کین کمشنر پنجاب سے موصول ہونے والے ڈیٹا کے مطابق گنے کے کاشتکاروں کے خلاف سب سے ذیادہ ظُلم مل مالکان کر رہے ہیں، کسانوں کی 1 ارب روپے سے ذائد رقم مل مالکان کی طرف واجب الادا ہے، اور غیر قانونی کٹوتیاں اور کاشتکاروں کو سرکاری ریٹ سے کم ادائیگیاں کی گئیں، جب کہ پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والی شکایات کے مطابق مل مالکان 3 ارب کے نادہندہ بھی ہیں۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق شوگر ملز کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیں، جب کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی  باری باری مل مالکان کی ریکارڈ سمیت طلبیاں جاری ہیں، اینٹی کرپشن مکمل چھان بین کے بعد تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔