بھارت میں 3 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 11 افراد ہلاک، 35 زخمی

ویب ڈیسک  پير 21 ستمبر 2020
عمارت میں 20 خاندان آباد تھے، فوٹو : رائٹرز

عمارت میں 20 خاندان آباد تھے، فوٹو : رائٹرز

 ممبئی: بھارت میں تین منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے ملبے تلے دب کر 11 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 35 افراد کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں 40 سال پرانی تین منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی، اس عمارت میں 20 خاندان آباد تھے۔ عمارت گرنے سے تمام رہائشی ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ادارے کے 40 امدادی کارکنوں نے ملبے سے 35 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ 11 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

بارش کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مہاراشٹرا حکومت نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ فی کس امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔