کوڑا کرکٹ اب کچرا پھینکنے والے سیاحوں کے گھر بھیجا جائے گا

ویب ڈیسک  پير 21 ستمبر 2020
کچرا پھینکنے والے سیاحوں کو پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا بھی ہوسکتی ہے، فوٹو : فیس بک

کچرا پھینکنے والے سیاحوں کو پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا بھی ہوسکتی ہے، فوٹو : فیس بک

بنکاک: سیاحت ملکوں کے لیے ایک بڑا ذریعہ آمدنی بھی ہے لیکن سیاحوں کی غیر ذمہ داری اور بالخصوص پلاسٹک کی بوتلیں، تھیلیاں اور دیگر کچرا سیاحتی علاقوں میں پھینکنے سے قدرتی حسن میں کمی واقع ہوتی ہے اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے جس کے لیے تھائی لینڈ نے انوکھے اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیاحوں کی جانب سے تفریحی مقامات پر جگہ جگہ کوڑا کرکٹ پھینکنے کی وجہ ماحولیاتی آلودگی کا سامنا کرنے والی تھائی لینڈ نیشنل پارک کی انتظامیہ نے سیاحوں کی اس عادت بد سے نجات حاصل کرنے کی انوکھی ترکیب سوچی ہے۔

بنکاک کے قریب جنگلی حیات اور ہریالی کی وجہ سے مشہور ’کھاؤ یائی نیشنل پارک‘ کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے ہر سیاح کے گھر کا پتہ لیا جائے گا اور اگر انہوں نے کچرا پھینکا تو وہ کوڑا کرکٹ پارسل کے ذریعے ایسے سیاحوں کے گھر بھیجا جائے گا۔

تھائی لینڈ میں قدرتی وسائل و ماحولیات کے وزیر وراوت سلپا نے تفریحی مقامات پر گندگی پھیلانے والے سیاحوں کو فیس بک پر متنبہ کیا کہ ہم تمہارا گند تمہارے گھر بھیجیں گے۔ کوڑے کو اب سیاحوں کے گھر بھیجا جائے گا اور پولیس بھی ان کے خلاف کارروائی کرے گی جس کی سزا 5 سال قید یا جرمانہ ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔