نوجوان ہدایت کاروں کا ’’کراچی تھیٹر فیسٹیول ‘‘ کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 ستمبر 2020
معاشرے میں ثقافت سے بڑا کوئی مثبت ہتھیار نہیں ،صدر آرٹس کونسل احمد شاہ ۔  فوٹو : ایکسپریس

معاشرے میں ثقافت سے بڑا کوئی مثبت ہتھیار نہیں ،صدر آرٹس کونسل احمد شاہ ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نوجوان ہدایت کاروں کے ڈراموں پر مبنی کراچی تھیٹر فیسٹیول کا اعلان کیا ہے۔

محمد احمد شاہ نے کراچی تھیٹر فیسٹیول کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تھیٹر فیسٹیول کی کامیابی کے بعد نوجوان ہدایت کاروں کے ڈراموں پر مبنی کراچی تھیٹر فیسٹیول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں،تھیٹر آرٹ کی جہتوں میں سر فہرست جہت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھیٹر صرف اداکاروں کا میڈیم نہیں بلکہ تمام لکھاری ،ہدایت کاروں کے بغیر نامکمل ہے۔ اس میں لائٹ ،اسٹیج، ڈیزائن سب شامل ہے، کراچی تھیٹر فیسٹیول کیلیے نوجوان ہدایت کاروں نے بہت محنت کی ہے وہ تھیٹر پڑھ کر آئے ہیں اور تھیٹر کے ارتقاکے لیے بھر پور لگن سے کام کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام بری بری خبریں دیکھ کر بیزار ہوچکے ہیں۔ اس صورتحال میں کوئی نیا اقدام ا ٹھاتے ہیں تو وہ تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوتا ہے اس سال عوامی تھیٹر فیسٹیول کو بے انتہاء شہرت ملی ہے اس کے لیے میڈیا کا شکرگزار ہوں۔

صدر آرٹس کونسل نے مزید کہا کہ ہم صحت کو بھی اہم سمجھتے ہیں اس ہی لئے اس فیسٹیول کا انعقاد تمام ایس او پیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے،کراچی تھیٹر فیسٹیول یکم اکتوبر سے18 اکتوبر تک کراچی آرٹس کونسل میں جاری رہے گا۔

اس موقع پر فیسٹیول کی تفصیلات بتاتے ہوئے ہدایت کار اور پروجیکٹ کوارڈینیٹر میثم نقوی نے کہا کہ تھیٹر فیسٹیول میں روایتی کام کے علاوہ کچھ منفرد کرنے کی کوشش کی ہے فیسٹیول میں مباحثے اور ورک شاپس بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔