سندھ میں دوسرے اور تیسرے مرحلے کی کلاسز کا آغاز ایک ساتھ کرنے کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 ستمبر 2020
تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، سعید غنی فوٹو: فائل

تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، سعید غنی فوٹو: فائل

 کراچی: وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے صوبے بھر کے اسکولوں میں دوسرے اور تیسرے مرحلے کی کلاسز کا آغاز ایک ساتھ کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سندھ بھر میں 6 سے 8 تک کی جماعتیں اعلان شدہ شیڈول کے مطابق 28 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کردیا، کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے والے اسکولوں میں پری پرائمری سے آٹھویں جماعتوں میں تدریسی عمل شروع ہوجائے گا، 28 ستمبر بروز پیر سے سندھ بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھول دئیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کے مطابق صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کے پہلے فیز کے کھلنے کے بعد زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، آئندہ چند روز کے دوران اگر کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تو فیصلے پر نظرِ ثانی بھی کی جاسکتی ہے، جب تک نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوتا ہم مزید بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، سندھ کے مختلف اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور دیگر کا دورہ کرکے تعلیمی اداروں کی ایس او پیز کو جانچا جارہا ہے، تمام تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہونگے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے بعد 15 ستمبر بروز منگل نویں دسویں، گیارہویں بارہویں اور تمام جامعات کھول دی گئی تھیں جسکے بعد تدریسی عمل کے دوسرے مرحلے جسمیں طھٹی سے آٹھویں جماعت کے تدریسی عمل کا آغاز 21 ستمبر سے ہونا تھا جو اب 28 ستمبر سے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔