نوبیاہتا بھارتی اداکارہ پونم پانڈے نے شوہر کو گرفتار کروادیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 ستمبر 2020
اداکارہ نے حال ہی میں اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کی تھی، فوٹو : فائل

اداکارہ نے حال ہی میں اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کی تھی، فوٹو : فائل

گوا: حال ہی میں اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کرنے والی معروف ماڈل اور اداکارہ پونم پانڈے نے تشدد کرنے اور دھمکیاں دینے پر اپنے شوہر کیخلاف ایف آئی درج کرائی جس پر گوا پولیس نے شوہر سام کو حراست میں لے لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی مقبول ماڈل اور اداکارہ پونم پانڈے گوا کے سیاحتی مقامات پر شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ان کے ساتھ شوہر سام احمد بھی اس ’’ ہنی مون ٹرپ کم شوٹنگ ‘‘ میں ہمراہ ہیں تاہم دونوں کے درمیان ایک نجی معاملے پر جھگڑا ہوگیا۔

اداکارہ پونم پانڈے نے  جنوبی گوا کے کیناکونا پولیس اسٹیشن میں شوہر کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ان کے شوہر سام احمد نے ایک  ذاتی تنازعے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے علاوہ اُن پر حملہ کیا اور تھپڑ مارا۔

کیناکونا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر توکارم چوہان نے بتایا کہ ماڈل پونم پانڈے کی شکایت پر ان کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ پونم پانڈے کا طبی کا معائنہ بھی کرایا جائے گا اگر تشدد کے شواہد ملے تو سخت کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ دونوں نے رواں برس جولائی میں منگنی کی تھی اور رواں ماہ کے آغاز میں ہی شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور اس وقت گوا میں ہنی مون منا رہے تھے جہاں پونم پانڈے کو ایک شوٹنگ میں بھی حصہ لینا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔