والد پر منفی کردار کی چھاپ تھی اس لئے ایسے کردار نہیں کرتا، یاسر نواز

ویب ڈیسک  بدھ 23 ستمبر 2020
تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈرامہ بکھرے موتی میں منفی کردار کرنے کی حامی بھری، اداکار یاسر نواز۔ فوٹو: فائل

تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈرامہ بکھرے موتی میں منفی کردار کرنے کی حامی بھری، اداکار یاسر نواز۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اداکار اور پروڈیوسر یاسر نواز کا کہنا ہے کہ ان کے والد فرید نواز بلوچ مرحوم پر منفی کردار کی چھاپ تھی اس لئے میں ایسے کردار نہیں کرتا۔

اپنے ایک انٹرویو میں یاسر نواز نے کہا کہ ڈرامہ ’بکھرے موتی‘ کے لئے مجھے کافی وقت ملا تھا اس حوالے سے میں نے کافی ملاقاتیں کی پھر اسکرپٹ پڑھا تو مجھے بہت اچھا لگا ورنہ عام طور پر میں اسکرین پر منفی کردار نہیں کرتا کیوں کہ میرے والد فرید نواز بلوچ مرحوم پر چھاپ تھی کہ وہ صرف منفی کردار ادا کرتے تھے۔

یاسر نواز نے یہ بھی کہا کہ ان کے والد کے اسکرین پر منفی کردار کی وجہ سے میں ہمیشہ منفی کردار ادا کرنے سے دور بھاگتا تھا یہاں تک کہ خود والد بھی مجھے منع کرتے ہوئے کہتے تھے کہ ایسے منفی کردار کو نظر انداز ہی کرنے کی کوشش کرنا۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ جہاں تک ڈرامہ ’بکھرے موتی‘ کی بات ہے تو مجھے وہ کردار کافی پسند آیا تھا اور مجھے یہی بتایا گیا کہ ڈرامہ کی ابتدا کی کچھ اقساط میں منفی کردار دکھایا جائے گا پھر اس کے بعد اسے تبدیل کرکے مثبت دکھایا جائے گا۔ جس کے بعد میں نے بہت سوچا کہ یہ ڈرامہ کروں یا نہ کروں۔

یاسر نواز کا کہنا تھا کہ اتنا سوچنے کا مقصد یہ تھا کہ میں اپنے والد سے مشابہت رکھتا ہوں اور جسمانی طور پر بھی اُن ہی کی طرح ہو رہا ہوں کہیں یہ نا ہو کہ مجھے بعد میں صرف ایسے کرداروں کے لئے آفرز کی جائے۔ ان تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میں نے یہ سوچ کر حامی بھر لی کہ کچھ اقساط بعد یہ کردار تبدیل ہو جائے گا اور ایسے کردار کو لوگ یاد رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔