دنیا کا سب سے چھوٹا ریوبک کیوب،قیمت 1800 ڈالر

ویب ڈیسک  جمعـء 25 ستمبر 2020
جاپانی کمپنی نے صرف دو گرام وزنی دنیا کا سب سے چھوٹا ریوبک کیوب بنایا ہے جس کی قیمت تین لاکھ روپے سے زائد ہے۔ فوٹو: جاپان ٹائمز

جاپانی کمپنی نے صرف دو گرام وزنی دنیا کا سب سے چھوٹا ریوبک کیوب بنایا ہے جس کی قیمت تین لاکھ روپے سے زائد ہے۔ فوٹو: جاپان ٹائمز

ٹوکیو: چوکور رنگ برنگی خانے والے معمے ریوبک کیوب دنیا بھر میں استعمال ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں جاپانی کمپنی نے دنیا کا سب سے چھوٹا ریوبک کیوب بنایا ہے جس کے ساتھ کھیلا جاسکتا ہے۔ تاہم اس کی ایک سمت کا رقبہ 9.9 ملی میٹر اور وزن صرف دو گرام ہے۔

میگا ہاؤس کارپوریشن نامی جاپانی کمپنی نے دنیا کا یہ سب سے چھوٹا قابلِ استعمال ریوبک کیوب بنایا ہے لیکن اس کی قیمت بھی ہوش ربا ہے۔ چھوٹے ترین ریوبک کیوب کی قیمت 1880 ڈالر رکھی گئی ہے جس کے آرڈر وصول ہورہے ہیں اور صارفین سال کے آخر تک اسے حاصل کرسکیں گے۔

1974 میں ہنگری کے ایرنو ریوبک نے اپنے نام سے ریوبک کیوب بنائی تھی اور 1980 میں پوری دنیا میں مقبول ہونا شروع ہوگیا۔ صرف جاپان کی میگا ہاؤس کمپنی اب تک ڈیڑھ کروڑ کے قریب ریوبک کیوب فروخت کرچکی ہے۔ تاہم سب سے چھوٹا ریوبک کیوب اس ایجاد کے 40 سال پورے ہونے پر سامنے آیا ہے جس کی تمام اطراف المونیئم دھات سے بنی ہے۔

کمپنی کے مطابق جاپانی قوم ریوبک کیوب کی رسیا ہے اور 1980 میں جب پہلی مرتبہ جاپان میں ریوبک کیوب آئے تو پہلے سال 40 لاکھ تک میں فروخت ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔