اے ٹی ایمز ہیک کرنے والے گروہ کا سراغ مل گیا، سرکاری ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف

عمران اصغر  جمعرات 24 ستمبر 2020
اس گینگ نے عید قربان کے موقع پر درجنوں اے ٹی ایم ہیک کرکے لاکھوں روپے کی رقم مختلف اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے تھے (فوٹو : فائل)

اس گینگ نے عید قربان کے موقع پر درجنوں اے ٹی ایم ہیک کرکے لاکھوں روپے کی رقم مختلف اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے تھے (فوٹو : فائل)

 راولپنڈی: ایف آئی اے نے راولپنڈی کی مختلف اے ٹی ایمز ہیک کرکے پیسے نکالنے والے گینگ کا سراغ لگالیا، 5 رکنی گینگ میں دو سرکاری ملازم کے بھی مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ادارے کے بینکنگ سرکل اور سائبر کرائم سرکل نے شہریوں کی اے ٹی ایم کے ذریعے رقم غیر قانونی طور پر ٹرانسفر ہونے کے معاملے پر تحقیقات مکمل کرکے پانچ رکنی اے ٹی ایم ہیکنگ گینگ کا پتا لگالیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی مختلف تحقیقاتی ٹیمیں اے ٹی ایم اسکینڈل پر کام کررہی تھی، ٹیموں کو بڑی کامیابیاں مل چکی ہیں، شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم ٹرانسفر کرنے کا طویل ڈیٹا ایف آئی اے کو موصول ہوا تھا، تحقیقات کے دوران پتا چلا ہے کہ اے ٹی ایم ہیک کرکے شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنے والا گینگ راولپنڈی سے آپریٹ ہورہا ہے، جو مختلف اے ٹی ایم کو ہیک کرکے شہریوں کی رقم مختلف اکاونٹس میں ٹرانسفر کردیتے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے گینگ کا سراغ مقامی پولیس کی مدد کے بغیر لگایا گیا۔ گینگ میں اب تک پانچ ملزمان کی نشاندہی ہوچکی ہے جو متعد د وارداتوں میں ملوث ہیں۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گینگ میں دو سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں جو الگ الگ سرکاری محکموں میں ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں، اس گینگ نے عید قربان کے موقع پر درجنوں اے ٹی ایم ہیک کرکے لاکھوں روپے کی رقم مختلف اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے تھے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے تمام ملزمان کے ٹھکانوں کو پتا لگا لیا ہے، تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کیے جاچکے ہیں جس میں مختلف اے ٹی ایمز میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں، اب ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ گینگ کی گرفتاری کے بعد اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کی سیکڑوں وارداتیں ٹریس ہوجائیں گی،قبل ازیں گرفتار ہونے والے گینگ میں غیر ملکی افراد بھی شامل تھے جن کا تعلق مختلف ممالک سے تھا لیکن اس مرتبہ تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ اے ٹی ایم ہیکرز کا تعلق راولپنڈی سے ہے جو آئی ٹی میں مہارت رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔