فرانس؛ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے میگزین کے دفتر پر چاقو بردار شخص کا حملہ

ویب ڈیسک  جمعـء 25 ستمبر 2020
2015 میں اسی دفتر پر حملے ،میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے، فوٹو : فائل

2015 میں اسی دفتر پر حملے ،میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے، فوٹو : فائل

پیرس: نبی آخری الزماں کے گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے رسوائے زمانہ فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے سابق دفتر پر چاقو بردار شخص کے حملے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں بدنام زمانہ میگزین چارلی ہیبڈو کے سابق دفتر کے نزدیک چاقو بردار شخص نے راہگیروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس نے چاقو بردار شخص کے حملے کی اطلاع ملتے ہی چارلی ہیبڈو کے دفتر سمیت پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور ایک شخص کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے جو مبینہ طور پر حملہ آور ہی ہے۔ قبل ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور دو ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کا گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنے کا اعلان

چارلی ہیبڈو کے سابق دفتر پر حملہ اس وقت کیا گیا ہے جب حال ہی میں عدالت میں 14 مشتبہ افراد کیخلاف سماعت کا آغاز کیا گیا ہے جن پر 2015 میں گستاخانہ خاکے شائع ہونے کے بعد چارلی ہیبڈو کے دفتر پر مسلح حملے میں 12 افراد کو ہلاک کرنے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔