منی لانڈرنگ کے ملزم سے 13کلو سونا اور 15 کروڑ کی کرنسی برآمد

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 25 ستمبر 2020
ایف آئی اے نے ملزم کی نشاندہی پر سونا اور نقدی برآمد کی(فوٹو، ریلیز)

ایف آئی اے نے ملزم کی نشاندہی پر سونا اور نقدی برآمد کی(فوٹو، ریلیز)

کراچی: ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اورمنی لانڈرنگ کے ملزم کو گرفتارکرکے اس کے قبضےسے 5کروڑوپے مالیت کی کرنسی اور13 کلو سے زائد سونا برآمد کرلیا۔

ایف آئی اے حکام نے شہید ملت روڈ پرکارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اورمنی لانڈرنگ میں ملوث ملزم عبدالجبارمیمن کو گرفتارکیا۔ ڈائریکٹرایف آئی اے منیرشیخ کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر فلیٹ سے 13کلوسے زائد سونا جبکہ امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ، سعودی ریال، یو اے ای درہم، ترکش، تھائی لینڈ، ملیشیا، یورو اور پولینڈ کی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ برآمد کئے گئے سامان میں کمپیوٹر،گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس اورپراپرٹی کی دستاویزات بھی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق تحویل میں لیے گئے سامان اورکرنسی کی مالیت 15کروڑروپے کے لگ بھگ ہے،ملزم سے حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ سے متعلق  تفتیش کی جارہی ہے،ملزم بین الاقوامی منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے منسلک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔