فرنچ اوپن ٹینس کا میدان سج گیا

عبد العزیز  اتوار 27 ستمبر 2020
سیزن کا دوسرا گرینڈ سلم فرنچ اوپن اس بار سال کے اواخر میں منعقد ہورہا ہے۔
 فوٹو: فائل

سیزن کا دوسرا گرینڈ سلم فرنچ اوپن اس بار سال کے اواخر میں منعقد ہورہا ہے۔ فوٹو: فائل

کورونا وبا کی وجہ سے رواں برس بیشتر کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہی ہیں لیکن اگست سے بتدریج ٹینس ایونٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس دوران منتظمین کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کو بھی یقینی بنائیں، سیزن کا دوسرا گرینڈ سلم فرنچ اوپن اس بار سال کے اواخر میں منعقد ہورہا ہے۔

امریکی اسٹار سرینا ولیمز کو آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کے 24گرینڈ سلم ٹائٹلز کا ریکارڈ برابر کرنے کا ایک اور موقع میسرآرہا ہے، انھوں نے اب تک کیریئر کی 23ویں گرینڈ سلم ٹرافی 2017 میں اپنے نام کی تھی، اس کے بعد اگرچہ انھیں ومبلڈن اور یوایس اوپن کے فائنلز تک رسائی کا دو ، دو بار موقع ملا لیکن وہ ابھی تک مارگریٹ کا ریکارڈ برابر نہیں کرپائی ہیں، سرینا اس سے قبل منعقدہ یوایس اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھیں لیکن یہاں انھیں بعدازاں چیمپئن بننے والی جاپانی اسٹار نامی اوساکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا تھا۔

38 سالہ تجربہ کار امریکی کھلاڑی انجری مسائل کے باوجود رواں برس یوایس اوپن کے بعد اب فرنچ اوپن میں بھی جواں سال حریفوں کے لیے خطرے کی علامت بنے رہیں گی، سرینا کو مجموعی طور پر سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹائٹلز قبضے میں کرنیو الی متحرک کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل ہے، وہ اب تک سنگلز، ڈبلز اور مسکڈ ڈبلز ملاکر مجموعی طور پر 39 گرینڈ سلم ٹرافیز اپنے شوکیس کی زینت بناچکی ہیں،اس طرح آل ٹائم فہرست میں وہ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔

رولینڈ گیروس پر جمعے سے کوالیفائنگ میچز کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جبکہ سرینا اپنی مہم کاآغاز اتوار کو ہموطن کرسٹی آہن کیخلاف میچ سے کریں گی، ان کے علاوہ اٹالین اوپن میں ٹرافی جیت کر نئے جوش اور ولولے کے ساتھ سیمونا ہالیپ بھی میدان میں اترنے کیلئے تیار ہیں، ویمنز سنگلز ڈراز میں سرینا کے علاوہ برطانیہ کی جوہانا کونٹا بھی امیدوں کا محور ہوں گی، فرنچ اوپن ٹرافی اب تک آخری بار 1976 میں سوو بارکر نے اپنے نام کی تھی، اس کے بعد سے دیگر کوئی انگلش ویمن پلیئر اس اعزاز کو پانے میں اب تک ناکام رہی ہیں۔ گزشتہ برس کونٹا نے یہاں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے انگلش شائقین کو امیدوں کو روشن کیا تھا۔

سوئس اسٹار اسٹینسلس واورنیکا پہلے راؤنڈ میں انگلش اسٹار اینڈی مرے کا سامنا کریں گے، یہ دونوں معروف پلیئرز کیلئے بڑا چیلنج ہوگا،اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال بھی سوئس ہم عصر راجرفیڈرر کے 20 انفرادی گرینڈ سلم کا ریکارڈ برابر کرنے کی مہم جاری رکھیں گے، 34 سالہ نڈال کو ریکارڈ 13ویں فرنچ اوپن ٹائٹل کیلئے فیورٹ گردانا جارہا ہے، فیڈرر گھٹنے کی انجری کے سبب اس بار بھی فرنچ اوپن سے غیرحاضر رہیں گے البتہ ٹاپ سیڈ نووک جوکووک اور وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے اینڈی مرے ان کی راہ میں حائل ہوسکتے ہیں۔

فرنچ اوپن کا کلے کورٹ رافیل نڈال کے لیے فیورٹ رہا ہے۔19 گرینڈ سلم کے فاتح نڈال نے کورونا کی وجہ سے امریکا کا سفر کرنے سے گریز کیا تھا۔عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر براجمان نڈال نے گذشتہ ہفتے اٹالین اوپن میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے تھے لیکن ان کا سفر وہاں کوارٹر فائنل میں تمام ہوگیا تھا، انھیں ارجنٹائنی پلیئر ڈیگو شوارزمین نے ٹھکانے لگادیا تھا۔

فیڈرر کی غیرموجودگی میں نڈال اور جوکووک کو فرنچ اوپن ٹائٹل کا مضبوط دعویدار خیال کیا جارہا ہے، سربیا سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ جوکووک کو اگرچہ اس سے قبل یوایس اوپن میں بھی کیریئرکے 18ویں بڑے ٹائٹل کیلئے فیورٹ شمار کیا جارہا تھا لیکن وہاں انھوں نے جج لائن کو گیند ماردی تھی، جس کی پاداش میں انھیں ایونٹ سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا، جواں سال اسٹار ڈومینک تھیم بھی چیمپئن بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

دو ہفتے پر محیط ایونٹ عمومی طور پر مئی کے اختتام پر منعقد کیا جاتا ہے لیکن کورونا کی وجہ سے اسے بھی موخر کردیا گیا تھالیکن اب حالت قدرے بہتر ہونے پر اس کا انعقاد کیا جارہا ہے، اگرچہ منتظمین نے 5 ہزار شائقین کو میچز دیکھنے کیلئے گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دے رکھی ہے لیکن بدھ کو فرنچ حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نئی پابندیاں عائد کی ہیں، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد کے یکجا ہونے پر پابندی بھی شامل ہے،ایونٹ میں شریک پلیئرز کو اپنے ہوٹلز تک محدود رہنے کی ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں، میڈیا رپورٹ کے مطابق 6 پلیئرز کورونا میں مبتلا ہوجانے کی وجہ سے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔