ٹی 20 کپ کا وقت قریب، مشقوں میں تیزی آگئی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 27 ستمبر 2020
پہلے راؤنڈ میں عمادکی عدم دستیابی،شاداب ناردرن کی قیادت کرینگے۔ فوٹو: فائل

پہلے راؤنڈ میں عمادکی عدم دستیابی،شاداب ناردرن کی قیادت کرینگے۔ فوٹو: فائل

لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا وقت قریب آتے ہی ٹیموں کی مشقوں میں تیزی آگئی جب کہ کرکٹرز نے بھرپور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس سے لہو گرمایا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بدھ کو ملتان میں شروع ہوگا،ایونٹ کا وقت قریب آنے پر ٹیموں کی مشقوں میں بھی تیزی آگئی،کرکٹرز نے بھرپور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس سے لہو گرمانے کا سلسلہ جاری رکھا،کوچز بھی درست کمبی نیشن بنانے پر غور کررہے ہیں، جمعرات کو کورونا پروٹوکول کی خلاف وزری پر خیبرپختونخوا کے آصف آفریدی کو 3روز کیلیے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا تھا، اس کے بعد تمام کھلاڑی محتاط نظر آرہے ہیں۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن ناردرن کی ٹیم رواں سال بھی عمدہ کارکردگی دہرانے کیلیے پْر عزم ہے، اسکواڈ میں تجربہ کار اور باصلاحیت نوجوان کرکٹرز شامل ہیں، پہلے راؤنڈ میں ٹیم کوکپتان عماد وسیم کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، آل راؤنڈر کاؤنٹی کرکٹ کیلیے انگلینڈ میں موجود ہیں، ان کی غیر موجودگی میں شاداب خان قیادت کرینگے،ٹیم کی بیٹنگ کا دارومدار انگلینڈ میں ڈیبیو پر ففٹی بنانے والے نوجوان حیدر علی پر ہوگا۔

جارح مزاج ذیشان ملک، تجربہ کار عمر امین، سہیل اختر، آصف علی اور حماد اعظم جیسے بیٹسمین بھی موجود ہیں، محمد نواز اور سہیل تنویر جیسے تجربہ کار آل راؤنڈرز بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، محمد عامر، موسیٰ خان اور حارث رؤف جیسے تیز رفتار بولرز بھی موجود ہیں۔

گزشتہ سال کی رنرز اپ سائیڈ بلوچستان کے کپتان حارث سہیل، امام الحق، اویس ضیاء ، بسم اللہ خان اور عمران فرحت پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں، گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں رنز کے انبار لگانے والے عمران بٹ سمیت اکبر رحمٰن ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ پرفارمنس کیلیے تیار ہیں۔

آل راؤنڈر عماد بٹ اور عمید آصف موجود بھی موجود ہیں، بولنگ میں عمر گل، کاشف بھٹی اور یاسر شاہ کے ساتھ نوجوان پیسر عاکف جاوید اور اسپنر اسامہ میر بھی موجود ہیں، بلوچستان کی ٹیم پہلا میچ یکم اکتوبر کو سندھ کے خلاف کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔