حکومت صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کو قانون کی گرفت میں لے، مفتی منیب

ویب ڈیسک  اتوار 27 ستمبر 2020
علمائے کرام اپنا مؤقف دلیل اور استدلال کے ساتھ پیش کریں، مفتی منیب الرحمان۔ فوٹو:فائل

علمائے کرام اپنا مؤقف دلیل اور استدلال کے ساتھ پیش کریں، مفتی منیب الرحمان۔ فوٹو:فائل

کراچی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لے۔

دارالعلوم نعیمیہ کراچی میں  اَئمہ وخطباء کےاجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی صورت ملک میں فرقہ وارانہ تصادم نہیں چاہتے اور نہ اپنے عقائد پر مفاہمت کریں گے، ہم نے پہل نہیں کی بلکہ اُن لوگوں نے پہل کی ہے جنہوں نے برملا صحابہ کرام کی توہین کی، حکومت کی ذمے داری ہے کہ انہیں قانون کی گرفت میں لے اور آئندہ ایسے واقعات کا سدِّباب کرے۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ہم نے عوامی ریلیوں کا سلسلہ اس لیے شروع کیا کہ مسلمانوں کو اپنے جذبات کے پُرامن اظہار کا موقع ملے اور ہمارا احتجاج اہلِ اقتدار کے نوٹس میں آئے اور حکومت اپنی آئینی، قانونی اور شرعی ذمے داریاں پوری کرے، اگر ہم لوگوں کے جذبات کے پُرامن اظہار کا موقع نہ دیتے تو کوئی انتہاپسند طبقہ ان کے جذبات کو اشتعال دلاکر منفی مقاصد کے لیے استعمال کرسکتا تھا، جو کسی بھی صورت میں ملک و ملّت کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام اپنا مؤقف دلیل اور استدلال کے ساتھ پیش کریں، لیکن اپنا موقف پیش کرنے میں جذبات سے مغلوب نہیں ہونا چاہیے، بے احتیاطی میں ایسے کلمات زبان سے نکل جاتے ہیں جو قابلِ گرفت ہوتے ہیں، کراچی کی ”ناموسِ رسالت و ناموسِ اہلِ بیت اطہار وصحابہ کرام ” کے تحفظ کے لیے ریلی کو کامیاب بنانے اور پُرامن رکھنے میں ائمہ و خطبائے کرام اور علمائے کرام کا کردار مثالی تھا اور آئندہ بھی اُن سے یہی توقع ہے کہ دینی مقدّسات کی حفاظت کے بارے میں عوام کو آگہی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔