پاکستان کے محمد راشد نے بھارت کو شکست دیکر اخروٹ توڑنے کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

ویب ڈیسک  اتوار 27 ستمبر 2020
محمد راشد نے بھارت کے نوین کمار کو شکست دیکر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، فوٹو : فائل

محمد راشد نے بھارت کے نوین کمار کو شکست دیکر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، فوٹو : فائل

 کراچی: گنیز ورلڈ ریکارڈ نے سر سے اخروٹ توڑنے کے مقابلے میں بھارت کے نوین کمار کوشکست دینے والے پاکستان کے محمد راشد کا ریکارڈ سازمقابلہ اپلوڈ کر دیا۔ 

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے اٹلی کے مشہور ٹی وی شو لا نوتی دای ریکارڈ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کھلاڑی محمد راشد نے  بھارتی کھلاڑی کے 239 کے مقابلے میں سر سے 254 اخروٹ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس تاریخ ساز مقابلے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور محض ایک گھنٹے میں ویڈیو کو 4 لاکھ افراد نے دیکھا اور محمد راشد کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کے کھلاڑی محمد راشد اب تک 60 ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں جبکہ ان کی اکیڈمی کے ریکارڈز کی تعداد 75 ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سپوت محمد راشد نے قبل ازیں 180 اخروٹ توڑ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، تاہم نوین کمار نے217 اخروٹ توڑ کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا لیکن اب محمد راشد نے ایک مرتبہ پھر نیا ریکارڈ قائم کرکے اپنا کھویا ہواعالمی اعزاز دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔