خاتون سرکاری اہلکار پر تشدد کا الزام؛ پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت منظور

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 27 ستمبر 2020
نوید اسلم كو 50 ہزار روپے كا ضمانت نامہ داخل كرانے پر رہائی دے دی گئی ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

نوید اسلم كو 50 ہزار روپے كا ضمانت نامہ داخل كرانے پر رہائی دے دی گئی ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ساہیوال: جوڈیشل مجسٹریٹ تھانہ سٹی ساہیوال نے سینئر لیڈی پوسٹ ماسٹر صوفیہ پر مبینہ تشدد کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما نوید اسلم کو 50 ہزار روپے ضمانت نامہ داخل کرانے پر رہائی کا حکم دے دیا۔

تھانہ سٹی ساہیوال نے 24 ستمبر كو تحریک انصاف کے مقامی رہنما نوید اسلم كو سینئر لیڈی پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم كے آفس میں داخل ہو كر ہنگامہ آرائی اور انہیں تشدد اور زد و كوب كرنے کے الزام پر گرفتار كرلیا تھا۔

ڈی پی او كے نوٹس كے بعد مقدمہ درج كر كے نوید اسلم كو حوالات میں بند كردیا گیا تھا، اس رویے كے خلاف جنرل پوسٹ آفس كے ملازمین نے دفتر كی تالہ بندی كر كے ہڑتال بھی كی اور احتجاجی مظاہرہ بھی كیا۔

تحریک انصاف کے رہنما كو عدالت میں پیش كیا گیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ تھانہ سٹی ساہیوال نے گرفتار تحریک انصاف ضلع ساہیوال كے سیكریٹری اطلاعات نوید اسلم كی ضمانت كی درخواست منظور كرلی اور نوید اسلم كو 50 ہزار روپے كا ضمانت نامہ داخل كرانے پر رہائی كا حكم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔