یہ چھوٹی سی ’کیتلی‘ 83 ملین روپے میں نیلام ہوئی ہے!

ویب ڈیسک  پير 28 ستمبر 2020
کباڑ میں رکھی ہوئی اس ننھی سی کیتلی نے اپنے مالک کو کروڑ پتی بنا دیا۔ (تصاویر: ہینسن آکشنرز)

کباڑ میں رکھی ہوئی اس ننھی سی کیتلی نے اپنے مالک کو کروڑ پتی بنا دیا۔ (تصاویر: ہینسن آکشنرز)

لندن: تصویر میں دکھائی دینے والی یہ چھوٹی سی ’کیتلی‘ چند روز پہلے برطانیہ میں تقریباً پانچ لاکھ ڈالر (8 کروڑ 30 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی ہے، جس نے اپنے مالک کو صحیح معنوں میں مالدار بنا دیا ہے۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ڈربی شائر، برطانیہ کہ ایک 51 سالہ شخص نے (جس کا نام نہیں بتایا گیا) اپنے گھر کے گیراج میں رکھے پرانے سامان کی صفائی شروع کی۔ یہ چھوٹی سی ’کیتلی‘ اسے وہیں سے ملی۔ اسے یاد آیا کہ یہ کیتلی اس کے دادا کی ہے جو دوسری جنگِ عظیم کے دوران مشرقِ بعید کے محاذ پر تعینات تھے اور وہیں سے یہ کیتلی لائے تھے۔

یہ سوچ کر کہ شاید یہ کوئی نادر چیز ہو، اس نے آثارِ قدیمہ کے ماہرین سے رابطہ کیا۔ اس کا خیال تھا کہ شاید وہ اس کیتلی کو دیکھ کر مذاق اڑائیں گے اور کچرے میں پھینکنے کا مشورہ دیں گے، لیکن بات اُلٹ نکلی۔

ماہرین نے اسے بتایا کہ یہ کیتلی نہیں بلکہ ’’شراب دان‘‘ (ewen) ہے جو شاید اٹھارویں صدی عیسوی میں چینی بادشاہ کیانلونگ (Qianlong) کے استعمال میں رہا کرتا تھا۔ تقریباً اسی جیسے دو اور شراب دان بالترتیب چین اور تائیوان کے عجائب گھروں میں موجود ہیں۔ یعنی یہ ’کیتلی‘ ان صاحب کی توقعات سے بھی بڑھ کر نایاب ثابت ہوئی جسے انہوں نے ’’ہینسن آکشنرز‘‘ کی ویب سائٹ پر آن لائن نیلامی کےلیے رکھوا دیا۔

ہینسن آکشنرز کو امید تھی کہ یہ 50 ہزار ڈالر تک میں نیلام ہوجائے گا لیکن آن لائن بولی لگانے والے اسے زیادہ سے زیادہ قیمت پر خریدنے کی کوشش کرنے لگے۔

ایسے ہی ایک گاہک نے 24 ستمبر کی آن لائن نیلامی یہ ’کیتلی‘ تقریباً پانچ لاکھ ڈالر میں خرید لی… اور اس طرح گھر کے کاٹھ کباڑ میں پڑی ایک چھوٹی سی چیز نے اپنے مالک کو مالدار بنا دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔