نوشہرہ اور مردان میں بارودی مواد کے دھماکے، 9 افراد جاں بحق

نمائندگان ایکسپریس  منگل 29 ستمبر 2020
جج بازار مردان میں سائیکل پر نصب بم کا دھماکا ہوا، 4 افراد جاں بحق
(فوٹو، فائل)

جج بازار مردان میں سائیکل پر نصب بم کا دھماکا ہوا، 4 افراد جاں بحق (فوٹو، فائل)

نوشہرہ / مردان:  نوشہرہ اور مردان کے علاقوں میں بارودی مواد کے دھماکوں کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ  19 زخمی ہوگئے۔

نوشہرہ کے علاقہ اکبرپورہ میں دریا کنارے سے ملنے والا مارٹر گولہ پھٹنے سے پانچ افراد جاں بحق اور ایک  زخمی ہو گیا، ڈی پی او کیپٹن (ر) نجم الحسنین کے مطابق مقامی لوگوں کو دریا کے کنارے سے مارٹر گولا  ملا جسے وہ کباڑ میں بیچنے کیلیے جا رہے تھے اس دوران گولہ پھٹ گیا، افسوسناک واقعہ میں ہدایت اللہ، مکرم، فرید اللہ پسران زیور شاہ،حضرت اللہ  اور شفقت ولد کرامت جاں بحق  جبکہ قیصر زخی میانہ زخمی ہوا۔مردان کے مصروف کاروباری مرکز جج بازار میں سائیکل پر نصب بارودی مواد کے دھماکا  میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

جن میں باپ اور دو کمسن بیٹیاں بھی شامل ہیں، دو پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے، پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا، پولیس کے مطابق  دھماکہ اس وقت ہوا  جب شہری رومزہ کی خریداری میں مصروف تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں عارف اور اس کی دو کم سن بیٹیاں ایمان اور اریبہ بھی دم توڑ گئیں، جبکہ ثاقب علی ہسپتال میں  چل بسا،  زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔