اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  منگل 29 ستمبر 2020
مرزا شاہی کئی روز سے سول اسپتال میں زیر علاج تھے، اہلخانہ۔ فوٹو: فائل

مرزا شاہی کئی روز سے سول اسپتال میں زیر علاج تھے، اہلخانہ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ٹیلی ویژن کے معروف اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

ٹیلی ویژن انڈسٹری کے سینئر اداکار مرزا شاہی گزشتہ کئی روز سے بیمار تھے اور انہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔ اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ پازیٹو آیا جس کے بعد سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھے، اُن کی صحت کے حوالے سے ساتھی اداکاروں نے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

مرزا شاہی نے ایک حد تک اس مہلک مرض کا مقابلہ کیا لیکن وہ مکمل طور پر اس بیماری کو مات دینے میں کامیاب نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے۔ جس کی تصدیق اُن کے اہل خانہ نے بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ مرزا شاہی نے سن 60ء کی دہائی میں مشرقی پاکستان کی فلمی صنعت سے اداکاری کا آغاز کیا، سن 1967ء میں اداکار ندیم کی پہلی فلم ’’چکوری‘‘ میں کردار نگاری کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش بننے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی میں سکونت اختیار کی۔

انہوں نے 1971ء میں مشرقی پاکستان سے ہجرت کے بعد مالی مشکلات کی وجہ سے چھوٹے موٹے کام بھی کیے بعد ازاں پی ٹی وی کراچی سینٹر کے مختلف پرڈیوسرز کے ڈراموں کے ذریعے ازسرنو اداکاری کی۔ ’’ففٹی ففٹی‘‘ سمیت پی ٹی وی کے بیشتر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہیں اطہرشاہ خان کے ساتھ کامیڈی ڈرامہ سیریل ’ ہائے جیدی‘ سے بھی شہرت ملی۔ انہوں نے کچھ عرصہ قبل تک پرائیویٹ ڈرامہ پروڈکشن میں بھی کردارنگاری کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔