پنجاب وائلڈ لائف نے پاکستان آنیوالے مہاجر پرندوں اور مرغابیوں کے شکار کی اجازت دیدی

آصف محمود  منگل 29 ستمبر 2020
پنجاب وائلڈلائف ایکٹ کے تحت شیڈول ون کی کیٹیگری ون،ٹواورتھری میں شامل مرغابیوں کے شکار کی اجازت ہوگی

پنجاب وائلڈلائف ایکٹ کے تحت شیڈول ون کی کیٹیگری ون،ٹواورتھری میں شامل مرغابیوں کے شکار کی اجازت ہوگی

لاہور: پنجاب وائلڈلائف نے سردیوں میں پاکستان آنیوالے مہاجر پرندوں اور مرغابیوں کے شکار کی اجازت کانوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

یکم اکتوبر سے 31مارچ 2021 تک شکار کی اجازت ہوگی،ایک گن سے یومیہ 10 پرندے شکار کیے جاسکیں گے،ہفتے میں دو دن ہفتہ اوراتوارکو شکار کی اجازت ہوگی۔

ہرسال سردیوں کے آغاز سے قبل لاکھوں مہاجر پرندے سرد علاقوں سے ہجرت کرکے خوراک کی تلاش میں پاکستان آتے ہیں اوریہاں ہزاروں پرندے شکارکرلیے جاتے ہیں

پنجاب وائلڈلائف نے یکم اکتوبر 2020 سے 31 مارچ 2021 تک شکارکی اجازت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ شکار کے لیے کوئی خصوص ایریا مختص نہیں کیا گیا ہے، آبی گزرگاہوں،جھیلوں اور دریا کنارے آنیوالے ان مہمان پرندوں کا شکار کیا جاسکے گا۔

پنجاب وائلڈلائف کے ڈپٹی ڈائریکٹرمدثر حسن نے بتایا کہ شکار کے لیے محکمہ سے جاری کردہ کارآمدشکارلائسنس اور اسلحہ کا لائسنس ہونا ضروری ہے۔ ایک شکاری ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 10 پرندے شکار کرسکتا ہے۔ مدثرحسن نے بتایا کہ پنجاب وائلڈلائف بورڈ کے حالیہ اجلاس میں یومیہ شکار کیے جانے والے پرندوں کی تعداد کم کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔۔یہ تجاویزمظوری کے لیے صوبائی کابینہ اور وزیر اعلی پنجاب کوبھیجی گئی ہیں۔

شکارسیزن کے دوران اگر سمری منظورہوجاتی ہے تو پھر اس پر عمل درآمد کروائیں گے۔ پنجاب وائلڈلائف ایکٹ کے تحت شیڈول ون کی کیٹیگری ون،ٹواورتھری میں شامل مرغابیوں کے شکار کی اجازت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔